20 اگست کو مقرر ، 31 جولائی کو تیاری کمیٹی کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس شاخ تلنگانہ کی جانب سے ایک روزہ ’ یونانی کنونشن ‘ ہفتہ 20 اگست حیدرآباد میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس میں یونانی کے تمام مسائل ، تعلیمی نظام ، مخلوعہ یونانی کی جائیدادوں ، یونانی فارمیسی کے مسائل ، مرکزی اور ریاستی حکومت کی بھر پور نمائندگی کرتے ہوئے ان کو حل کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور و خوض کیا جائے گا اور حکومتی سطح پر نمائندگی کی جائے گی ۔ کانفرنس کے اجلاس میں ڈاکٹر خورشید بانو (موظف ) ڈپٹی ڈائرکٹر یونانی بہاؤ الدین انصاری ، حکیم سید غوث الدین ، حکیم سید خواجہ عبدالوحید ، حکیم غلام قطب الدین ، ڈاکٹر ابوالحسن اشرف ، ڈاکٹر خواجہ بدر الدین صدیقی ، ڈاکٹر عزیز ، ڈاکٹر سید عبدالرب ، حکیم غلام محی الدین ، ڈاکٹر شاکرہ بیگم نے شرکت کی ۔ اس سلسلہ میں ایک تیاری کمیٹی کا اجلاس اتوار 31 جولائی 4 بجے دن لقمان یونانی ہاسپٹل بہادر پورہ میں مقرر ہے ۔۔
ابراہیم پٹنم کا سرکاری اسپتال شراب کے بار میں تبدیل
حیدرآباد27جولائی (یواین آئی ) تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی کے ابراہیم پٹنم کا ایک سرکاری اسپتال شراب کے بار میں تبدیل ہوگیا ۔ کیونکہ اس اسپتال کے اسٹاف نے یہاں پر شراب ‘ کباب کے ساتھ پارٹی کا اہتمام کیا ۔ اس بات کی اطلاع جب میڈیا کے نمائندوں کو ملی تو یہ نمائندے وہاں پہونچے تاہم انہیں دیکھ کر اسپتال کا اسٹاف اپنی پلیٹس اور تمام چیزیں چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ مقامی افراد نے اسٹاف کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایک طرف شہری وبائی امراض سے متاثر ہیں تو دوسری طرف یہ اسٹاف اسپتال کے اندر دعوت کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پارٹیوں کا اہتمام کرنے والو ں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔ کیونکہ وبائی امراض سے متاثر افراد جب اسپتال پہونچتے ہیں تو ان کو نظر انداز کیا جاتا ہے اور ان کے علاج میں لاپرواہی کی جاتی ہے تو دوسری طرف اسٹاف رات میں شراب کے ساتھ دعوت کا اہتمام کرتا ہے ۔ مقامی افراد نے اسٹاف ارکان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلی حکام سے مطالبہ کیا ۔