ایک دوسرے پر تنقید کا وقت نہیں ، صدر تلنگانہ پی سی سی کا بیان
حیدرآباد۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آفاتِ سماوی جیسے حالات کے موقع پر ایک دوسرے پر تنقیدیں کرنے سے گریز کرتے ہوئے زیرآب نشیبی علاقوں کے عوام کیلئے ہاتھ بڑھانے اور انہیں راحت بہم پہونچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کوکٹ پلی کے مختلف زیرآب علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور پریشان حال افراد سے ملاقات کرکے تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دن سے حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے دھرتی نگر کے پاس واقع ایک تالاب بھر گیا جس کے باعث تالاب سے خارج ہونے والا پانی قریب میں واقع کالونی میں داخل ہوگیا جس کے نتیجہ میں مکینوں کو کمر برابر پانی میں رہنے پر مجبور ہونا پڑا اور عوام کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین اور ورکرس سے امدادی و راحت کاری اقدامات میں سرگرم اور بھرپور حصہ لیتے ہوئے عوام کی مدد کرنے کی اپیل کی۔ ان کے دورہ کوکٹ پلی کے موقع پر کانگریس کے سینئر قائدین بشمول سابق وزیر داخلہ شریمتی سبیتا اندرا ریڈی اور دیگر بھی شامل تھے۔