ملبورن،یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سڈنی میں کل سی پلین کے حادثہ میں مارے گئے چھ افراد میں برطانیہ کے کمپاس گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رچرڈ سوزنس سمیت پانچ برطانوی نژاد شہری ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق سی پلین کی پروازکے بیس منٹ بعد ہی سڈنی کے شمال میں واقع ایک چھوٹے شہر کووان کے پاس گر کر تباہ ہونے کے بعد13 میٹر اندرپانی میں ڈوب گیا تھا۔ نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے خفیہ محکمہ کے سربراہ مارک ھچکنگزکے مطابق مرنے والوں میں رچرڈ سوزنس (58) ایما بوڈن (48)، ھیڈر بوڈن (11)، ایڈورڈ سوزنس (23) اور ولیم سوزنس (25) کے علاوہ طیارہ کا پائلٹ گیرتھ مورگن (44) ہیں۔ سبھی پانچ مسافر ایک دوسرے کے واقف کار تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس برطانوی حکام سے بات کر چکی ہے اور سی پلین(آبی طیارہ) کا باقیات نکالنے کیلئے آسٹریلیا کے نقل و حمل سیکورٹی سیکشن کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ معاملے کی جانچ شروع ہو گئی ہے جس کی ابتدائی رپورٹ 30 دن میں آنے کا امکان ہے ۔ حالانکہ متعلقہ حکام نے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے میں ایک سال تک کا وقت لگ سکتا ہے ۔ اگلے احکام تک دیگر سی پلین کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔