حکومت کی ستائش کی بجائے تنقید بے معنی: سرینواس ریڈی
حیدرآباد /20 نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن اسمبلی سرینواس ریڈی نے اپوزیشن جماعتوں پر آسرا اسکیم کے تعلق سے گمراہ کرنے اور نعشوں کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے شروع کردہ وظائف اسکیم ’’آسرا‘‘ ملک کی منفرد اسکیم ہے، جس پر ٹی آر ایس حکومت 335 ہزار کرور روپئے خرچ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں معمرین اور بیواؤں کو صرف 200 روپئے اور معذورین کو 500 روپئے ماہانہ وظائف دیئے جاتے تھے اور کانگریس حکومت تلنگانہ میں صرف 881 کروڑ روپئے خرچ کرتی تھی، تاہم ٹی آر ایس حکومت نے بڑھتے اخراجات اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد معمرین اور بیواؤں کو ماہانہ ایک ہزار اور معذورین کو 1500 روپئے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن حکومت کے اس اقدام کی ستائش یا تعاون کی بجائے اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف من گھڑت مہم چلاکر عوام میں شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے عوام مایوسی کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں غریب عوام کے وظائف برخاست کرنے کا حکومت پر الزام عائد کر رہی ہیں، جس کے سبب غریب عوام خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ لہذا اس قسم کی اموات کی ذمہ دار اپوزیشن جماعتیں ہیں، کیونکہ وہ اسکیم کے تعلق سے گمراہ کن مہم چلاکر نعشوں کی سیاست کر رہی ہیں۔ مگر حکومت اس کا منہ توڑ جواب دے گی اور مستحق افراد کو آسرا اسکیم کے ذریعہ فائدہ پہنچائے گی۔