آسام ۔ ناگالینڈ سرحد پر جھڑپیں، 3 ہلاک

نئی دہلی ۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آسام ۔ ناگالینڈ سرحد پر شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ آسام کے گولاگھاٹ ٹاؤن میں آج پولیس فائرنگ میں 3 اشخاص ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہوگئے۔ جب ہجوم نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر اور ایک پولیس اسٹیشن کو آگ لگادینے کی کوشش کی اور ایک ہاسپٹل کو بھی نشانہ بنایا، جس کے بعد وہاں اور دیگر علاقوں میں غیرمعینہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے دونوں ریاستوں آسام اور ناگالینڈ کے چیف منسٹروں سے رابطہ قائم کیا ہے اور سرحدوں پر کشیدگی کو کم کرنے کیلئے زور دیا۔ دونوں چیف منسٹروں سے کہا گیا کہ وہ کل بروز جمعرات اپنا مشترکہ بیان جاری کریں۔

قبل ازیں دن میں چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ پر الزام عائد کیا کہ تشدد کیلئے وہی ذمہ دار ہے۔ مرکز سرحدی علاقہ میں زائد سیکوریٹی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پولیس نے گولاگھاٹ ٹاؤن کے ایرنگاپاڑا چریالی میں زائد از 3 ہزار لوگوں کے ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل فائر کئے جبکہ یہ ہجوم ڈی سی کے دفتر اور پولیس اسٹیشن کی طرف بڑھ رہا تھا تاکہ وہاں آگ لگا دی جائے۔ پولیس نے کہا کہ جب احتجاجیوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کیا اور جب وہ دونوں عمارتوں سے اندرون 300 میٹر کے فاصلے تک پہنچ گئے تھے، تو پولیس نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے کہا کہ آسام اور ناگالینڈ کی سرحد پر سی آر پی ایف کی مدد سے مرکز کا کنٹرول ہوتا ہے۔ وہاں پر غیرجانبدار فورس عوام اور ان کے املاک کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔