گوہاٹی 25 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوجی جوانوں کو عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے سرگرم کردیا گیا ہے ۔عہدیداروں نے کہا کہ 200 افراد کو چیرانگ ضلع میں بچالیا گیا ہے جبکہ بونگائی گاوں ضلع میں 150 افراد محفوظ مقامات کو منتقل کئے گئے ہیں۔ یہ لوگ پانی میں محصور تھے ۔ کہا گیا ہے کہ فوج کی جانب سے کوکرا جھار ضلع میں میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا گیا جہاں تقریبا 100 افراد کا علاج کیا گیا ۔ فوجی عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں چیرانگ اور بونگائی گاوں اضلاع سے دوپہر کے بعد عوام کے فون کالس ملنے شروع ہوگئے تھے جس کے بعد وہ حرکت میں آگئے ۔ فوجی عملہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے انسانی بنیادوں پر مہم شروع کی اور دو کالموں کو بونگائی گاوں اور ایک کالم کو چیرانگ ضلع کو روانہ کیا گیا تھا ۔