گوہاٹی،5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں گوہاٹی کے شمالی ساحل پر چہارشنبہ کو برہماپترا ندی میں کشتی ڈوبنے سے کئی لوگوں کے ڈوبنے کا خدشہ ہے ۔چشم دیدوں نے بتایا کہ موٹر سے چلنے والی کشتی سے مسافروں کو فینسی بازار گھاٹ سے شمالی گوہاٹی لے جایا جارہا تھا۔کشتی میں تقریباً 40مسافر سوار تھے اور کچھ موٹر سائکلیں بھی لدی ہوئی تھیں۔کشتی کے ندی کے بیچ و بیچ پہنچنے کے بعد اچانک اس کا انجن ٹوٹ گیا اور وہ ندی کے تیز بہاؤ میں بہنے لگی۔اسی دوران وہ ساحل سے تقریباً 200میٹر دور ایک زیر تعمیر آبی فراہمی پروجیکٹ کے سطون سے ٹکراکر ڈوب گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آٹھ لوگ تیرکر صحیح سلامت نکل آئے جبکہ چار پانچ لوگوں کو بچایا گیا۔آفات سے نمٹنے والے قومی دستے اور ریاستی آفات دستے کی ٹیم راحت اور بچاؤ مہم میں لگ گئی ہیں۔