گوہاٹی ، 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) قومی کمیشن برائے اقلیتیں (این سی ایم) نے آج حکومت آسام کی جانب سے بی ٹی اے ڈی علاقوں میں تشدد سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے کئے گئے راحت اور بازآبادکاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قومی اقلیتی کمیشن کی ٹیم نے اپنے چیرمین نسیم احمد کی قیادت میں آج چیف منسٹر ترون گوگوئی سے یہاں ملاقات کی اور بوڈولینڈ ٹیریٹوریل ایریاز ڈسٹرکٹس کی صورتحال پر غوروخوض کیا۔ نسیم احمد نے متاثرہ علاقوں میں معمول کے حالات کی بحالی کیلئے ریاستی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور اعتماد سازی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس علاقے میں معمول کی صورتحال واپس لائی جاسکے۔ یتیم بچوں کیلئے آسرا اور بازآبادکاری ، متاثرہ بچوں کی تعلیم، متاثرین کو صدمہ سے ابھرنے میں مدد کیلئے نفسیاتی صلاح و مشورہ دینا اور اسکولی بچوں کیلئے این سی سی ٹریننگ جیسے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیشن اور ریاستی حکومت دونوں نے شورش پسندی سے متعلق مسائل سے نمٹنے کیلئے پڑوسی ممالک جیسے بھوٹان کے ساتھ بہتر ارتباط اور اس معاملے کو مرکز سے رجوع کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔