آزادی کے بعد سے اب تک سب سے زیادہ ناکام ٹی آر ایس حکومت

تلنگانہ کانگریس رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد پنالہ لکشمیا صدر پی سی سی تلنگانہ کا بیان
حیدرآباد /31 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تازہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے اسمبلی اور کونسل میں عوامی مسائل کو موضوع بحث بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ گاندھی بھون میں منعقدہ اجلاس کی صدارت تلنگانہ صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے کی، جب کہ اجلاس میں ڈی سرینواس، کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، اتم کمار ریڈی، ڈی سریدھر بابو اور دیگر نے شرکت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پنالہ لکشمیا نے کہا کہ آزادی کے بعد سے اب تک ٹی آر ایس حکومت سب سے زیادہ ناکام حکومت رہی ہے۔ حصول اقتدار کے پانچ ماہ مکمل ہونے کے بعد بھی وہ اپنے انتخابی منشور کے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ من مانی اور یکطرفہ فیصلے کر رہے ہیں، جب کہ چیف منسٹر اور وزراء کے درمیان تال میل کا فقدان ہے۔ علاوہ ازیں وزراء اور اعلی عہدہ داروں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہے۔ عدالت، مرکزی حکومت، گورنر اور اپوزیشن جماعتوں کی پھٹکار کے باوجود ریاستی حکومت کوئی کام کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں برقی بحران جاری ہے، جس کو حل کرنے یا متبادل انتظام میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کی زراعت پمپ سیٹس پر منحصر ہے، تاہم برقی بحران سے زرعی شعبہ تباہ ہو رہا ہے اور مسائل سے دوچار کسان خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سماج کا ہر طبقہ مسائل کا شکار ہے، جس کی وجہ سے تلنگانہ عوام ٹی آر ایس پر اعتماد کرکے پچھتا رہے ہیں۔ اندرون پانچ ماہ ٹی آر ایس مخالف عوام لہر کا سامنا کر رہی ہے اور کسی بھی معاملے میں حکومت کا موقف واضح نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کار کردگی مایوس کن ہے، لہذا کانگریس ارکان اسمبلی و ارکان قانون ساز کونسل ایوانوں میں عوامی مسائل پر آواز اٹھائیں گے اور انھیں حل کرانے ہر ممکن کوشش کریں گے۔