انڈین جرنلسٹس یونین کے صدر سنہا اور سکریٹری جنرل ڈی امر کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : انڈین جرنلسٹس یونین (IJU) کے صدر ایس این سنہا ، سکریٹری جنرل ڈی امر پریس کونسل آف انڈیا کے ممبر کے امرناتھ اور آندھرا پردیش نیوز پیپر ایمپلائز فیڈریشن کے صدر امباٹی انجینلو نے ایک بیان میں انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کے سخت گیر سیکشن 66Aکو کالعدم کرتے ہوئے دئیے گئے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا جس کا کئی ریاستی حکومتوں کی جانب سے بیجا استعمال کیا گیا ۔ حکمران جماعت کے خلاف ناراضگی کے اظہار کو دبانے کے لیے انہوں نے الزام عائد کیا کہ کئی ریاستی حکومتوں بشمول مغربی بنگال اور مہاراشٹرا کی حکومتوں کی جانب سے جادو پور یونیورسٹی کے پروفیسر امبیکیش مہاپترا اور ایک ممتاز کارٹونسٹ اسیم ترویدی کو جیل بھجوانے کے لیے اس سیکشن کا بیجا استعمال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ ایک بیداری کا کام کرے گا اور ورکنگ جرنلسٹس کو آزادانہ اظہار کے خواہاں اشخاص کے ساتھ ایک تحریک شروع کرنی چاہئے تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ تمام قسم کے میڈیا کے لیے سیلف ریگولیٹری میکانیزم کے طور پر ایک کمبائینڈ میکانیزم بنائے ۔۔