ممبئی ۔ 17 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ’’ آر کے بیانر کے تلے جلد ہی فلمیں بنانے کا آغاز کروں گا ‘‘ ۔ یہ الفاظ تھے آنجہانی راجکپور کے بڑے بیٹے اداکار رندھیر کپور کے جو آج کی کامیاب ترین ہیروئن کرینہ کپور کے والد بھی ہیں ۔ رندھیر کپور نے کہا کہ ریکھا کے ساتھ ان کی فلم ’ سوپرنانی ‘ پر شائقین نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے ۔ بہر حال 80 ء اور 90 ء کے دہے میں وہ فلموں سے کیوں غائب رہے ؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں ملٹی اسٹار ایکشن فلمیں بن رہی تھیں اور انہیں ہمیشہ ایک رومانٹک ہیرو ہی مانا گیا ۔ ایکشن فلموں کا وہ کبھی بھی حصہ بننا نہیں چاہتے تھے البتہ یہ بات بھی درست ہے کہ کچھ ایکشن فلموں میں انہوں نے کام کیا ہے لیکن ایسی فلموں کو انگلیوں پر گنا جاسکتا ہے ۔ رندھیر کپور نے کہا کہ ان کے پاس فلموں کے آفر تو ہمیشہ آتے تھے لیکن وہ خود فلمیں کرنا نہیں چاہتے تھے ۔ اس کے بعد کچھ مختصر مگر اچھے رول ان کے پاس آئے جس کے بعد انہوں نے اپنے خود ساختہ فلمی سنیاس سے دستبرداری اختیار کرلی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنے دن کی شروعات آر کے اسٹوڈیوز میں اپنے دفتر سے شروع کرتے ہیں ۔ اگر انہیں کسی شوٹنگ پر جانا نہ ہو تو وہ رات آٹھ بجے تک دفتر میں ہی رہتے ہیں ۔ اس کے بعد کلب جاتے ہیں جہاں دوستوں کے ساتھ گپ شپ ، ڈرنکس اور کھانے کا دور چلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک سے بڑھ کر ایک لذیذ کھانوں کے بے حد شوقین ہیں ۔ وہ جلد ہی آر کے بیانر کا احیاء کریں گے اور ممکن ہے کہ کرینہ یا رنبیر کپور اس فلم کا حصہ ہوں ۔