واراناسی ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ریلوے پروٹکشن فورس کے ایک سب انسپکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے جب کہ ایک 35 سالہ خاتون نے یہ شکایت کی ہے کہ سرکاری ملازمت کا وعدہ کرتے ہوئے اس نے عصمت ریزی کی ہے ۔ بہار میں بکسر کی متوطن خاتون نے کل سگرا پولیس اسٹیشن میں ایک تحریری شکایت درج کروائی ہے ۔ جس میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اسنسول میں متعین آر پی ایف کے سب انسپکٹر ایم کے سنگھ نے سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر اس کی عصمت ریزی کی ہے اور چند ماہ قبل ملزم نے 1.05 لاکھ کا قرض بھی لیا تھا لیکن واپس نہیں کیا ۔ خاتون نے مزید بتایا ایم کے سنگھ نے گذشتہ جمعہ کو مغل سرائے ریلوے اسٹیشن پر ان سے ملاقات کے لیے کہا جہاں سے وہ دونوں واراناسی کے لیے روانہ ہوئے اور علاقہ پریڈ کوٹھی میں ایک گیسٹ ہاوز میں قیام کے دوران ملزم نے عصمت ریزی کردی ۔ بعد ازاں قریبی مارکٹ جانے کے بہانہ چلا گیا لیکن واپس نہیں آیا ۔ حتی کہ اس کا موبائل فون بھی بند پایا گیا ۔ جس کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ہے ۔ پولیس نے خاتون کو طبی معائنہ کے لیے ہاسپٹل روانہ کردیا ہے ۔۔