آر ٹی سی اور دیگر خانگی ٹرانسپورٹ موبائل بار میں تبدیل

عوامی جلسہ عام شرابیوں کے جلسہ میں تبدیل ، ترجمان تلنگانہ پی سی شراون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ترجمان اعلیٰ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر شراون نے عوامی جلسہ عام کو شرابیوں کے جلسہ میں تبدیل کرنے ۔ ٹی آر ٹی سی کے علاوہ دوسرے خانگی ٹرانسپورٹ کو موبائل بار میں تبدیل کردینے کا ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا ۔ تلنگانہ کی تہذیب و تمدن کو خاک میں ملا دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شراون نے وزیراعظم نریندر مودی کی غلامی کرتے ہوئے پروفیسر جئے شنکر کو فراموش کردینے کا ٹی آر ایس قیادت پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے جلسہ عام میں شریک ہونے والے عوام بالخصوص خواتین اور نوجوانوں میں بڑے پیمانے پر شراب تقسیم کرتے ہوئے شرابی بنانے پر سخت تنقید کی اور تلنگانہ تہذیب و تمدن کو مٹی میں ملا دینے کا دعویٰ کیا ۔ آر ٹی سی بسوں میں شراب پینے کی اجازت دینے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا تلنگانہ آر ٹی سی سے مطالبہ کیا ۔ ٹی آر ایس کے جلسہ عام سے ماحولیات کو بھی نقصان پہونچنے کا دعویٰ کیا ۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ چیف منسٹر کی صرف 47 منٹ کی تقریر کے لیے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے لاکھوں عوام کو جلسہ گاہ تک پہونچایا گیا ہے ۔ کانگریس قائدین کو دہلی کا غلام قرار دینے والے کے سی آر ہی دہلی میں وزیراعظم کی غلامی کرتے ہوئے ریاست کے مفادات کو نظر انداز کررہے ہیں جب کہ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ دہلی میں جدوجہد کرتے ہوئے حصول تلنگانہ میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنی تقریر میں مجاہدین تلنگانہ کی توہین کی ہے ۔ پروفیسر جئے شنکر کا کوئی احترام نہیں کیا گیا ۔ تحریک تلنگانہ میں 1500 افراد نے اپنی زندگیاں قربانی کی ہیں ۔ جنہیں ٹی آر ایس حکومت میں یکسر نظر انداز کردیا گیا ۔ ڈاکٹر شراون نے چیف منسٹر کی تقریر کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سال 2000 کے دوران برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج کیا تھا ۔ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی قیادت میں کانگریس کے ارکان اسمبلی نے 14 دن کی بھوک ہڑتال کی تھی ۔ تین ہفتے بعد مکتوب روانہ کرنے والے کے سی آر نے اپنے مکتوب پر حکومت کی جانب سے ردعمل کا اظہار کرنے کا جو دعویٰ کیا ہے وہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے ۔۔