آر ٹی اے کی خدمات عوام کی چوکھٹ پردرمیانی افراد کا صفایا ، کرپشن ختم کرنے اہم اقدام

حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : سرکاری خدمات میں حکومت اور عوام کے درمیان راست رابطہ نہ ہو تو درمیانی افراد کی لوٹ کھسوٹ بڑھ جاتی ہے ۔ عوام کا اگر ذمہ دار عہدیدار سے راست رابطہ ہو تو درمیانی افراد کے لیے کوئی راہ نہیں ہوتی اس طرح عوام کی درکار ضروریات کی جلد تکمیل بھی ہوجاتی ہے اور درمیانی آدمی کی مٹھی گرم کرنے کی بھی ضرورت نہیں رہتی ۔ تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے عوام کو یہ خوشخبری دی ہے کہ ایم ویلیٹ سرویس محکمہ ٹرانسپورٹ موبائل فون کے ذریعہ عوام کو فراہم کرے گا ۔ یہ سرویس دو تین ماہ کے اندر شروع ہوجائے گی ۔ ایم ویلیٹ سرویس جیسے لائسنس ، رجسٹریشن سرٹیفیکٹس ، پولیوشن فری سرٹیفیکٹس اور انشورنس عوام کی چوکھٹ پر ہوں گی ۔ اس کا افتتاح چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عنقریب کرنے والے ہیں ۔ یہ ایم ویلیٹ سرویس ان ای خدمات کے علاوہ ہے جو محکمہ ٹرانسپورٹ پہلے سے انجام دے رہا ہے ۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ بیمہ ، سلاٹ باکس سرویس اور ای ، وی آر سی سرویس پہلے سے فراہم کررہا ہے اس کا مقصد ٹرانسپورٹ محکمہ میں کرپشن کو ختم کرنا ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ پھیری خدمات کے ذریعہ عوام کے قریب تر ہورہا ہے ۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ پانچ دفاتر کو جلد ہی ای آفس میں تبدیل کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے 90 فیصد ٹیکس وصول کی ہے ۔ 2125 کروڑ روپئے کی وصولی کا نشانہ تھا تقریبا ایک ہزار 925 کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اضلاع عادل آباد ، کریم نگر اور نظام آباد کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ۔۔