آر ٹی اے بندلہ گوڑہ کی زبوں حالی ‘ اسٹیشنری تک دستیاب نہیں

حیدرآباد۔31 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکومت اور محکمہ جات کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے حکومت اور برسر اقتدار جماعت کے ذمہ داروں کی زبانیں نہیں تھکتی لیکن عملی طور پر عوام سے جڑے محکمہ جات کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آرہی ہے کہ یہ محکمے عوامی خدمات کی انجام دہی میں بری طرح ناکام ہیں۔ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی (RTA) کی زبوں حالی کا اندازہ اس بات سے لگا یا جاسکتا ہے کہ محکمہ کے دفاتر میں اسٹیشنری نہیں ہے جس سے نئی گاڑیوں کا رجسٹریشن نہیں ہو پارہا ہے ۔ ساؤتھ زون آر ٹی اے دفتر بندلہ گوڑہ میں روزانہ سینکڑوں افراد کو مایوسی کا سامنا ہے کیونکہ انہیں اسٹیشنری نہ ہونے کے علاوہ دیگر وجوہات سے مشکلات درپیش ہیں ۔ کوئی عہدیدار ان کی سنوائی کیلئے تیار نہیں اور نہ مسائل کے حل میں کسی ملازم یا عہدیدار کو دلچسپی ہے کیونکہ آر ٹی اے دفاتر کا نظم عہدیداروں سے زیادہ بیرونی افراد کے ذمہ ہوتا ہے اور ان کی اجارہ داری سے عہدیدار اپنی ذمہ داریوں سے بے پرواہ ہوتے ہیں جبکہ عوام ان بیرونی اور درمیانی افراد سے الجھنے سے بچنے عہدیداروں سے کوئی شکایات نہیں کرتے بلکہ جو کچھ کہا جاتا ہے خاموشی سے تسلیم کرلیتے ہیں۔ گذشتہ کئی دنوں سے آر ٹی اے دفتر بندلہ گوڑہ میں اسٹیشنری نہ ہونے کا بہانہ کرکے معمولی کاموں کو طویل کیا جا رہاہے اور ان کی تکمیل تعطل کا شکار بنی ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شہر کے اس مصروف آر ٹی اے دفتر میں اسٹیشنری نہ ہونے کی شکایات پر عہدیدار یہ واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ اسٹیشنری سربراہ کرنے والی ایجنسی کو کروڑہا روپئے کے بقایاجات کے سبب ایجنسی نے اسٹیشنری کی سربراہی روک دی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اندرون 15یوم مسئلہ کی یکسوئی کرکے نئے رجسٹریشن کارڈس کی اجرائی عمل میںلائی جائے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ شہر کے دیگر آر ٹی اے دفاتر میں یہ صورتحال نہیں ہے لیکن بندلہ گوڑہ میں اس مسئلہ کے حل کیلئے کوئی آوازنہیں اٹھائی جا رہی ہے اسی لئے اس دفتر کے حدود میں رہنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔