حیدرآباد 3 جنوری ( پی ٹی آئی ) 1976 بیاچ کے ایک آئی اے ایس عہدیدار راجین حبیب خواجہ نے آج ڈائرکٹر جنرل اڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا ( اے ایس سی آئی ) کی حیثیت سے جائزہ لیا ۔ اس سلسلہ میں ایک مختصر سی تقریب منعقد ہوئی ۔ حبیب خواجہ 38 سال خدمات انجام دینے کے بعد 28 فبروری2014 کو خدمات سے سبکدوش ہوئے تھے ۔ وہ کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں سیاحت و کانکنی کی مرکزی وزارت کے سکریٹری اور صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کا عہدہ بھی شامل ہے ۔ حبیب خواجہ نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کہا کہ اڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج ایک باوقار ادارہ ہے جو 1956 سے تربیت فراہم کرتا آ رہا ہے ۔ ان کی کوشش یہی ہوگی کہ اس ادارہ کے تمام ذمہ داروں کے ساتھ مل کر کام کریں اور اسے مستحکم کریںاور اس ادارہ کو ہر ممکنہ طریقہ سے مزید ترقی دلائیں۔ حبیب خواجہ نے اپنے دور میں سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کو نقصان سے باہر نکال کر نفع بخش کمپنی میں تبدیل کردیا تھا ۔ وہ 1989 سے 1990 تک ہیوبرٹ ہیمفرے نارتھ ۔ ساؤتھ فیلو کی حیثیت سے یونیورسٹی آف مینی سوٹا میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔