آر بی آئی گورنر کا کستوربار اسکول کا دورہ، حکومت بہار کی ستائش

جہان آباد (بہار) ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک آف انڈیا گورنر رگھورام راجن نے آج ایک ماڈل گرلز اسکول کا دورہ کیا جو سماج کے پسماندہ طبقات کیلئے چلایا جاتا ہے ۔ انہوں نے دورہ کے بعد حکومت بہار کی اس کوشش کی زبردست ستائش کی ۔ مسٹر راجن کے ہمراہ اس وقت عالمی بینک کے عہدیدار بھی تھے جنہوں نے کستوربا گاندھی بالیکا اسکول کا دورہ کیا جو ریاستی دارالخلافہ پٹنہ سے 60 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔ مسٹر راجن اس بات کے خواہاں تھے کہ وہ مذکورہ ماڈل اسکول کا بہ نفس نفیس مشاہدہ کرتے ہوئے ایک نیا تجربہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کا دورہ کرتے ہوئے اور وہاں زیر تعلیم طالبات سے دوبدو گفتگو کرنے کے بعد انہیں گوناگوں خوشی ہوئی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ (KGBV) اسکیم کی 2004 ء میں لانچ کی گئی تھی جس کا مقصد مرکزی اور ریاستی حکومت کی مشترکہ کوششوں سے اپر پرائمری سطح پر ایسی لڑکیوں کے اقامتی اسکولس قائم کئے جائیں جو درج فہرست ذاتوں ، قبائلیوں ، اقلیتی طبقہ اور دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتی ہیں۔

اس اسکیم کا ملک کے ان علاقوں میں نفاذ عمل میں آیا تھا جو تعلیمی سطح پر پسماندہ ہیں اور جہاں دیہی سطح پر لڑکیوں کی خواندگی کا تناسب قومی اوسط سے بھی کم ہے جبکہ خواندگی میں جنس کا فرق قومی اوسط سے زائد ہے۔ آر بی آئی گورنر کے ہمراہ عالمی بینک کے سربراہ اونوروہول تھے۔ انہوں نے تقریباً ایک گھنٹہ اسکول میں گزارا اور متعدد طالبات و اساتدہ سے بات چیت کی ۔ طالبات نے ایک نغمہ کے ذریعہ ان کا زبردست خیر مقدم کیا اور مصوری اور مارشل آرٹ کے شعبوں میں اپنی مہارت کا بھی مظاہرہ کیا ۔ دوسری طرف بہار ایجوکیشن پراجکٹ کے ڈائرکٹر راہول سنگھ جو حود بھی دورہ کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے، نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہان آباد کستوربار اسکول فی الحال آٹھویں جماعت تک چلایا جارہا ہے جہاں نابینا اور دیگر جسمانی معذور لڑکیوں کو تعلیم دی جاتی ہے ۔ بہار میں جملہ 535 کستوربار اسکولس ہیں جن میں سے 231 اسکولس ایسے ہیں جہاں ہاسٹل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ بہار میں 96 لاکھ اسکولی طلباء ہیں جن میں 22 لاکھ لڑکیاں ہیں اور ان میں 50,000 لڑکیاں کستوربا اسکولس کی طالبات ہیں۔