آر بی آئی کی شرح سود میں 0.25 فیصد کی کمی

ممبئی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے دو ماہ کے دوران حیرت انگیز طور پر آج دوسری مرتبہ اپنے شرح سود میں کمی کی ہے۔ اس طرح یہ شرح سود مزید 0.25 فیصد کمی کے ساتھ گھٹ کر 7.5 فیصد ہوگئی ہے۔ افراط زر کی شرح میں قابل لحاظ کمی کے علاوہ مالیاتی استحکام کا پروگرام جاری رکھنے حکومت کے عہد کی بنیاد پر یہ قدم اٹھایاگیا ہے، جس سے گھروں اور موٹر گاڑیوں کی خریدی اور دیگر قرضوں پر عائد سود کی شرح میں کمی ہوگی اور معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔ آر بی آئی نے قبل ازیں 15 جنوری کو مختلف قرضوں پر شرح سود کو 8 فیصد سے گھٹا کر 7.75 فیصد مقرر کیا تھا۔ ان اقدامات سے توقع ہیکہ مختلف کمپنیوں کے اساس سرمایہ کی قیمت میں کمی ہوگی اور سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہوگا۔ وزیرفینانس ارون جیٹلی نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ ان کی حکومت مالیاتی استحکام کے عہد کی پابند ہے۔ آر بی آئی کے گورنر رگھورام راجن نے کہا کہ افراط زر کی صورتحال میں بہتری اور مالیاتی خسارہ میں کمی کیلئے مسٹر جیٹلی کی طرف سے ہفتہ کو پیش کردہ بجٹ کے روڈ میاپ کے مطابق شرح سود میں کمی کی گئی ہے۔ مسٹر راجن نے کہا کہ ’’افراط زر میں 2015-16ء کے پہلے نصف کے دوران مزید کمی کا امکان ہے اور دوسرے نصف میں یہ شرح 6 فیصد تک گھٹ جائے گی‘‘۔ شرح سود میں کمی کا آج صبح کی اولین ساعتوں میں اعلان کیا گیا جس کے ساتھ ہی ممبئی اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی کاروبار تاریخی 30,000 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔