ماؤ20 جون (سیاست ڈاٹ کام )اندور کے قریب پیتم پور صنعتی علاقہ اس وقت کشیدگی کی گرفت میںآگیا جبکہ مبینہ طور پر آر ایس ایس کے ایک کارکن کا قتل ہوا۔ جس کی وجہ کرکٹ کھیلنے کے بارے میں دو بچوں کا تنازعہ تھا۔ پولیس نے کہا کہ آر ایس ایس کارکن پرشانت شرما وشواس نگر علاقہ کے کرکٹ گراونڈ پر کل شام گئے تھے تا کہ بچوں کے گروپ کو جو کھیل کے دوران کسی مسئلہ پر باہم تکرار کررہے تھے سمجھا سکیں۔ کشن گنج پولیس اسٹیشن کے انچارج رمیش چندر بھاسکرے نے پریس کانفرنس میںکہا کہ جب شرما اس مسئلہ پر ثالثی کررہے تھے
تو ایک شخص سہیل خان نے جس کا مجرمانہ ریکارڈ ہے اپنے چھ ساتھیوں کے ساتھ شرما پر سلاخ اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے ۔انہیںماؤ سیول ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ آر ایس ایس کارکنوں کی کثیر تعداد ہاسپٹل جمع ہوگئی بعدازاں مبینہ طور پر ملزم کی دکان میں لوٹ مار کی گئی اور دیگر مکانوں کے ساتھ اسے نذر آتش کردیا گیا ۔ علاقہ میں کشیدگی محسوس کرتے ہی متصلہ علاقوں میں پولیس کی کثیر تعداد تعینات کردی گئی۔ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس کو فائرنگ کرنی پڑی ۔
غیرہندی ریاستوں میں شدید ردعمل : کانگریس
نئی دہلی ، 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج سوشل میڈیا میں ہندی زبان کے فروغ کے فیصلے پر حکومت کو محتاط رویہ کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غیرہندی ریاستوں بالخصوص ٹاملناڈو میں شدید ردعمل ظاہر ہوا ہے۔ سابق مرکزی وزیر اور ٹاملناڈو کے سینئر پارٹی لیڈر پی چدمبرم نے یہاں اے آئی سی سی بریفنگ میں تبصرہ کررہے تھے۔