نئی دہلی ۔ /17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس پرچارک سنیل جوشی کے قتل مقدمہ نے سنسنی خیز موڑ اختیار کرلیا ہے اور نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے یہ رائے قائم کی ہے کہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے اسے جنسی پیشرفت کی بنا ہلاک کردیا ۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنیل جوشی کو سادھوی پرگیہ سنگھ نے ہلاک کیا ہے کیونکہ وہ اس کی جنسی پیشرفت سے پریشان تھی اور اسے یہ بھی اندیشہ تھا کہ مالیگاؤں دھماکوں کے منصوبہ کا افشاء ہوجائے گا ۔ اس مقدمہ میں این آئی اے آئندہ ہفتہ چارج شیٹ پیش کرنے والی ہے اور سادھوی پرگیہ کا نام بھی امکان ہے کہ شامل رہے گا ۔ مالیگاؤں دھماکوں کے مقدمہ میں سادھوی پرگیہ کلیدی ملزمہ ہیں ۔ ان دھماکوں میں 37 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ پولیس نے پہلے ہی سادھوی پرگیہ کا نام ملزم کے طور پر شامل کرلیا ہے اور رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ سادھوی نے قتل میں اپنے رول کا اعتراف کرلیا ہے ۔