آرڈیننس پر حکومت کی نظرثانی، جوش و خروش ختم

نئی دہلی /28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج رات ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ اپنے جوش و خروش کو ختم کرتے ہوئے انسداد بدعنوانی سے متعلق آرڈیننس لانے اور بعض دیگر عوامی اقدامات کے تعلق سے نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے بعض اقدامات راہول گاندھی کی تحریک پر کئے جا رہے تھے۔ یہ آرڈیننس آج کابینی اجلاس کے ایجنڈے پر تھے، لیکن انھیں ملتوی کردیا گیا، جس کی وجہ بظاہر یہ معلوم ہوئی کہ سینئر وزیر اور این سی پی سربراہ شرد پوار نے حکومت کی میعاد کے بالکلیہ آخری مرحلے میں اس طرح کے آرڈیننس کو لاگو کرنے کی ضرورت کے بارے میں سوالات اٹھائے۔ انھوں نے کہا کہ ایسی کوئی جلدی نہیں اور اس معاملے کو مستقبل کی حکومت پر چھوڑ دیا جائے۔ حکومت کا پس و پیش اس لئے بھی نظرآیا کہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی بھی ان ہی بنیادوں پر سوالات اٹھا سکتے ہیں۔ اس تبدیلی کے فوری بعد کابینہ نے ایجنڈے کے دیگر مشمولات پر توجہ مرکوز کردی۔