ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ شریمتی پدما دیویندر ریڈی اور دیگر معزز خواتین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ مہیلا کوآرڈینیشن کمیٹی کے زیر اہتمام 7 مارچ کو 3 بجے دن احاطہ عثمانیہ یونیورسٹی آرٹس کالج ’ بین الاقوامی یوم خواتین ‘ تقریب منعقد ہوگی ۔ جس میں ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ شریمتی پدما دیویندر ریڈی بحیثیت مہمان خصوصی کے علاوہ خواتین کی مختلف تنظیموں سے وابستہ معزز خواتین جیسے شریمتی ملو راجیم ، شریمی آجما اور پروفیسر رما ملکوٹے بحیثیت مہمانان اعزازی شرکت اور مخاطب کریں گے ۔ یہ بات آج یہاں صدر تلنگانہ ویمن کوآرڈینیشن کمیٹی شریمتی ڈاکٹر ستیہ لکشمی ، ڈائرکٹر سنٹر فار ویمنس اسٹڈیز عثمانیہ یونیورسٹی شریمتی پروفیسر کے لکشمی نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ یوم خواتین تقریب جو جدید نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کی پہلی تقریب ثابت ہوگی ۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد بین الاقوامی سطح پر خؤاتین کے ساتھ کی جانے والی نا انصافیوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے خواتین کو سماجی ، سیاسی ، معاشی اور تعلیمی میدان میں مناسب نمائندگیوں کے حصول اور سماج میں خواتین کو سماجی مساوات اور انہیں ان کے جائز حقوق کے حصول کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے تمام تنظیموں سے وابستہ خواتین سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ متذکرہ تقریب میں کثیر تعداد میں شرکت کر کے جلسہ کو کامیاب بنائیں ۔ اس موقع پر شریمتی وندیارانی ، شریمتی ڈاکٹر ایس سلوچنا ، شریمتی سوارنا بھی موجود تھیں ۔۔