آدھار ڈاٹا کے تحفظ کیلئے حکومت سنجیدہ: روی شنکر پرساد

نئی دہلی 20 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت آدھار ڈاٹا کے تحفظ کیلئے سنجیدہ ہے اور اس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشیل میڈیا کے مواد کو پوری طرح منظوری نہ دیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی روی شنکر پرساد نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جسٹس بی این سرے کرشنا کی قیادت والی ماہرین کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے جو ڈاٹا پروٹیکشن کے تعلق سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج آدھار ایک مناسب قانون کے تحت ہے جسے پارلیمنٹ نے منظور کیا ہے ۔ اس قانون کے تحت ڈاٹا اور پرائیویسی کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے سکیوریٹی ڈھانچہ کو مسلسل مستحکم کرنے کا عمل بھی جاری ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ڈاٹا کہیں افشا نہ ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور عالمی ملیاتی فنڈ نے بھی قبول کیا ہے کہ آدھار حکمرانی اور خدمات کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔