نئی دہلی 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت نے آج سبسڈی والے گیس سلینڈرس کے کوٹہ میں اضافہ کرتے ہوئے اسے سالانہ 9 سے بڑھا کر 12 کردیا ہے ۔ ساتھ ہی حکومت نے پکوان گیس سبسڈی کی صارفین کو نقد ادائی کی اسکیم کو بھی معطل کردیا ہے جس سے صارفین اب سبسڈی قیمت ادا کرتے ہوئے سلینڈرس حاصل کرسکیں گے ۔
مرکزی وزیر تیل مسٹر ایم ویرپا موئیلی نے سیاسی امور سے متعلق کابینی کمیٹی کے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈی والے سلینڈرس کی سالانہ تعداد 12 کردینے کے نتیجہ میں مرکزی حکومت پر سالانہ 5,000 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ عائد ہوگا ۔ علاوہ ازیں مرکزی حکومت نے سبسڈی کی راست منتقلی اسکیم کو بھی معطل کردیا ہے ۔ یہ اسکیم ملک کے 289 اضلاع میں شروع ہوئی تھی جہاں صارفین کو سبسڈی کی رقم راست متعلقہ بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جارہی تھی، تاہم آدھار کارڈ یا بینک اکاؤنٹس مربوط نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو سبسڈی نہ ملنے کی شکایات عام تھیں جس کو دیکھتے ہوئے راست منتقلی اسکیم کو معطل کردیا گیا ہے ۔
راست سبسڈی منتقلی اسکیم کو یو پی اے حکومت ایک اہم سنگ میل قرار دے رہی تھی کیونکہ اس کے ذریعہ سبسڈی کی رقم میں خرد برد کا اندیشہ ختم ہوگیا تھا اور سبسڈی راست استفادہ کنندگان تک پہونچنے کا ادعا کیا جا رہا تھا ۔ ویرپا موئیلی نے کہا کہ اس اسکیم پر عمل آوری میں کچھ مسائل تھے کیونکہ آدھار نمبر اور بینک اکاؤنٹس کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے ۔ ایسے میں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے عبوری طور پر بھی صارفین کو کوئی مسئلہ پیدا نہ ہونے پائے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو راست سبسڈی منتقلی اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لے گی ۔ اس وقت تک صارفین کو سابق کی طرح سبسڈی کی قیمت پر ہی سلینڈرس حاصل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ معطلی کا مطلب اسکیم کی ناکامی نہیں ہے
اور ہمیں اس بات پر فخر اور خوشی ہے کہ یہ پروگرام بہت اچھا رہا ہے ۔ حالانکہ اس میں کچھ معمولی غلطیاں رہی ہیں ہمیں ان کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔ آج معلنہ فیصلے کے بعد صارفین کو فروری اور مارچ تک کے 9 سلینڈرس کے کوٹہ میں ایک اضافی سلینڈر حاصل ہوگا اور اپریل سے شروع ہونے والے آئندہ اقتصادی سال سے انہیں سالانہ 12 سلینڈرس حاصل ہونگے ۔ واضح رہے کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے گذشتہ دنوں اپیل کی تھی کہ وہ صارفین کو سبسڈی پر فراہم کئے جانے والے پکوان گیس سلینڈرس کے کوٹہ کو 9 سے بڑھا کر 12 کردیں۔ اس کے علاوہ خود کانگریس حلقوں میں بھی یہ مطالبات کئے جارہے تھے ۔
آدھار سے مربوط اسکیم پر تنقیدیں
کابینی کمیٹی برائے سیاسی اُمور کے اجلاس میں آدھار سے مربوط ایل پی جی سلنڈرس سبسڈی اسکیم کو کئی وزراء نے تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ آج کے اس اعلان سے قبل وزیراعظم منموہن سنگھ کی زیرقیادت 11 رکنی کمیٹی میں کئی وزراء نے کہا کہ اس اسکیم پر عمل آوری میں بے شمار مسائل درپیش ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع اے کے انتونی جو عام طور پر خاموش طبع ہیں، وہ تنقید کے معاملے میں پیش پیش تھے اور انہوں نے تقریباً 10 منٹ تک بات کی۔