آج چیف منسٹر کی دعوت افطار ‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے انتظامات کا جائزہ لیا

کوئی کسر باقی نہ رکھنے عہدیداروں کو ہدایت ۔ نماز کیلئے بھی وسیع انتظامات ۔ چھ ہزار افراد کی شرکت کا امکان

حیدرآباد 25 جون ( این ایس ایس ) ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے آج عہدیداروںکو ہدایت دی کہ وہ کل حکومت ٹی آر ایس کی جانب سے نظام کالج پر منعقد ہورہی دعوت افطار کی تیاریوں میں کسی خامی کی گنجائش نہ رکھیں اور انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے ۔ جناب محمد محمودعلی نے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ نظام کالج گراونڈ کا دورہ کیا اور وہاں جاری انتظامات کا جائزہ لیا ۔ حکومت ٹی آر ایس کی جانب سے نظام کالج گراونڈ پر کل افطار کی دعوت کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ جناب محمود علی نے تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت افطار پارٹی میں چھ ہزار افراد کی شرکت کے انتظامات کر رہی ہے ۔ ان میں تین ہزار افراد اہم شخصیات ہونگی جو مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی ہونگی جبکہ تین ہزار عام لوگ ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اس دعوت افطار میں کثیر تعداد میں اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں ایسے میںجو لوگ افطار کی دعوت میں شرکت کیلئے آئیں گے انہیں دعوت نامہ کے ساتھ آنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ان افراد کو داخلہ کی اجازت نہیں دیگی جن کے پاس دعوت نامے نہیں ہونگے ۔ حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران افطار کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں حکومت نے 35 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ۔ اس رقم میں مساجد کی تزئین نو ‘ آئمہ و موذنین کو اعزازیہ کی اجرائی وغیرہ بھی شامل ہے ۔ حکومت نے مساجد کے ذریعہ غریب مسلمانوں میں تقسیم کیلئے دو لاکھ رمضان تحفہ کے پیاکٹس تیار کئے ہیں ہر پیاکٹ میں ایک کرتا پاجامہ ‘ ایک ساڑی اور دوسری اشیا ہونگی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت عیدالاضحی ‘ کرسمس اور دیپاولی تہواروں کیلئے بھی خصوصی فنڈز مختص کر رہی ہے تاکہ ان تہواروں کے بڑے پیمانے پر انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ سابقہ حکومتیں صرف نظام کالج پر افطار کی دعوت منعقد کرتی رہی ہیںلیکن ٹی آر ایس حکومت نماز کیلئے بھی وسیع انتظامات کر رہی ہے ۔ حکومت غربا میں کپڑے بھی تقسیم کر رہی ہے ۔ انہوں نے افطار کی دعوت کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر محکمہ اقلیتی بہبود ‘ عمارات و شوارع ‘ پولیس ‘ جی ایچ ایم سی اور حیدرآباد کلکٹوریٹ کے عملہ کی ستائش کی ۔ آئی جی انٹلی جنس مہیش بھگوت ‘ اشونی کمار ‘ پروٹوکول سکریٹری آدھار سنہا ‘ حیدرآباد کلکٹر راہول بوجا ‘ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل ‘ ڈی سی پی سنٹرل زون کملاسن ریڈی ‘ حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر ایس اے شکور ‘ اڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی روی کرن اور دوسرے بھی موجود تھے ۔