آج نصف شب سے ’ آٹو بند ‘ کا اعلان

حیدرآباد۔/26نومبر، (سیاست نیوز) آٹو ڈرائیورس نے آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کی مسلسل ہراسانی اور ٹرانسپورٹ لائسنس کیلئے آٹھویں جماعت کامیابی کے لزوم کے علاوہ ای چالانات کے خلاف 27نومبر کو نصف شب سے غیر معینہ مدت کے ’آٹو بند ‘ کا اعلان کیا ہے۔ 28نومبر کو 11بجے دن خیریت آباد میں واقع ٹرانسپورٹ بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ کنوینر تلنگانہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسٹر محمد امان اللہ خان، جوائنٹ کنوینر مسٹر کے لکشمی نرسیا، آٹو اونرس اسوسی ایشن لیڈر مسٹر مرزا رفعت بیگ نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ٹرانسپورٹ لائسنس کیلئے آٹھویں جماعت کامیاب ہونے کا لزوم عائد کیا جارہا ہے یہ دراصل آٹو ڈرائیورس کو بیروزگار کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ لائسنس نہ ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے آر ٹی اے کی جانب سے ان ڈرائیورس کو بھاری چالانات کئے جارہے ہیں۔ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو 90فیصد آٹو ڈرائیورس بیروزگار ہوجائیں گے۔ دوسری طرف ان آٹو ڈرائیورس کو ٹریفک پولیس کی ہراسانی کا سامنا ہے

جو ای چالانات کے ذریعہ ان پر غیر معمولی بوجھ عائد کررہے ہیں۔ آٹو ڈرائیورس کیلئے مشکلات بڑھتی ہی جارہی ہیں اور ان کے مسائل کی یکسوئی کے کوئی امکانات نظر نہیں آرہے ہیں۔ حالانکہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آٹو ڈرائیورس کے مسائل کی یکسوئی کیلئے بھرپور تعاون کا تیقن دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’ نو پارکنگ‘ کے نام پر تقریباً ایک ہزار روپئے ای چالان کیا جارہا ہے۔ اسی طرح آٹو ڈرائیونگ لائسنس کو ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرتے ہوئے بیاچ حاصل کرنا ضروری کردیا گیا ہے اور اس کیلئے امیدوار کا کم از کم آٹھویں جماعت کامیاب ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشرو حکومتوں نے لائسنس سے متعلق قوانین کے معاملہ میں جو پالیسیاں اختیار کیں آج آٹو ڈرائیورس اس کے منفی اثرات کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے آٹو ڈرائیورس کو درپیش مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے قائدین مسرس شیخ بدیع الزماں، محمد دستگیر، جے رویندر، محمد عظیم الدین اور دیگر موجود تھے۔