آج دہلی میں چیف منسٹر کی آنکھ کے آپریشن کا امکان

حیدرآباد ۔ 25؍ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندراشیکھرراؤ جو گذشتہ تین یوم سے دہلی میں قیام کئے ہوئے ہیں ۔ سمجھا جاتا ہے کہ وہ اپنی ایک آنکھ آپریشن کروانے کوشاں ہیں ۔ توقع ہے کہ کل 26 جون چندر شیکھرراوکی آنکھ کا آپریشن کیا جائیگا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ محض چیف منسٹر اپنی آنکھ کا آپریشن کروانے دورہ دہلی کے پروگرام میں توسیع کرکے وہاں قیام کئے ہوئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹرز آپریشن سے قبل سرکاری قیامگاہ آکر ہی آنکھ میں دوا ڈال رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرشیکھرراؤ کی ایک آنکھ کی بینائی کم ہوچکی ہے ۔ لہذا بینائی کو بحال کرنے کے مقصدسے دورہ دہلی کے موقعہ پر آپریشن کروانے کا چیف منسٹر نے ارادہ کیا تھا اور ڈاکٹروں نے بھی انہیں آپریشن کروالینے کا مشورہ دیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرشیکھرراو سابق میں وہ مرکزی وزیر تھے تب دہلی کے ڈاکٹر مسٹر سچدیو نے ان کی ایک آنکھ کا آپریشن کیا تھا ۔ اب بھی ڈاکٹر سچدیو چندرا شیکھرراو کی آنکھ کا آپریشن کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر آپریشن کے بعد مزید دو تین یوم میں آرام کریں گے اور اس طرح سمجھا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک دہلی میں قیام کریں گے ۔ اور 30 جون کی نصف شب کو پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقد کی جانے والی جی ایس ٹی عمل آوری تقریب میں شرکت کا امکان ہے ۔ بعدازاں وہ حیدرآباد واپس ہونگے ۔