حیدرآباد۔/9اپریل، ( سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ آلیر میں مبینہ فرضی انکاونٹر میں نوجوانوں کو ہلاک کئے جانے پر پیدا ہوئی بے چینی اور برہمی کے پیش نظر پولیس نے جمعہ کے موقع پر سکیوریٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں۔ دونوں شہروں بالخصوص پرانے شہر میں کسی بھی قسم کے ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے ۔ شہر کے حساس علاقوں میں ریاپڈ ایکشن فورس اور ریزرو پولیس فورس عملے کو متعین کیا گیا ہے ۔ چارمینار ‘ مکہ مسجد اور سعید آباد کے علاوہ دیگر حساس مقامات پر پولیس نے اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔ جمعہ کے موقع پر بعض مسلم تنظیموں کی جانب سے بند کے اعلان کے افواہوں کے پیش نظر پولیس الجھن کا شکار ہوگئی ہے اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی نہ برتنے کی اعلی عہدیداروں نے پولیس کو ہدایت دی ہے۔