آج اپوزیشن کا بھارت بند

پٹرول و ڈیزل قیمتوں میںاضافہ کے خلاف احتجاج
کانگریس ‘ کمیونسٹ جماعتوں و دیگر کے احتجاجی پروگرام
حیدرآباد 9 ستمبر ( سیاست نیوز ) ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور عوام کی جیب پر خاموش ڈاکہ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے 10 ستمبر پیر کو بھارت بند کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے قومی سطح پر بھارت بند کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس نے بھی ریاست میں بند کو کامیاب بنانے کی عوام ‘ تاجروں ‘ کسانوں ‘ مختلف تنظیموں اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی اپیل کی ہے ۔ ریاست میںبائیں بازو کی جماعتوں سی پی آئی ‘ سی پی آئی ایم ‘ آر ایس پی اور دوسروں نے بھی اس بند کی حمایت کی ہے ۔ اس کے علاوہ آٹو ڈرائیورس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی بند کی تائید کی ہے اور آٹو ڈرائیورس سے اپیل کی ہے کہ بند میں حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنایا جائے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی نے آج بھی عوام اور مختلف سیاسی جماعتوںاور تنظیموں سے اس بھارت بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوںمیں مسلسل اضافہ کرتے ہوئے عوام پر بھاری بوجھ عائد کر رہی ہے ۔ پٹرولیم کمپنیوں کو فائدہ پہونچانے کیلئے عوام کی جیب پر خاموشی سے ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے ۔ حکومت کے اس عمل سے عام آدمی کی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے پٹرولیم اشیا پر من مانی ٹیکس عائد کرنے سے ئے قیمتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کل 10.30 بجے دن دلسکھ نگر بس ڈپو پر بھارت بند کے تحت احتجاج میں حصہ لیں گے ۔ کمیونسٹ پارٹیوں کی جانب سے بس بھون سے آر ٹی سی چوراہے تک ریلی منظم کی جائے گی ۔
بند کے پیش نظر پولیس کے انتظامات ‘ بس اسٹیشنوں پر پکٹس کی تعیناتی
حیدرآباد۔9 ستمبر ( سیاست نیوز) اپوزیشن کے 10 ستمبر کو بھارت بند کے پیش نظرحیدرآباد پولیس نے سیکوریٹی کے وسیع انتظامات کئے ۔ بند کے دوران کسی بھی قسم کے پرتشدد واقعات کو روکنے پولیس عہدیداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ محرم و گنیش کیلئے متعین فورس کو بھارت بند کے دوران چوکسی کی ہدایت دی گئی ۔ شہرکے تمام بس اسٹیشنس پر پولیس پکٹس متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پٹرول پمپس کو سیکوریٹی فراہم کرنے ہدایت جاری کی گئی ۔ بھارت بند کے پیش نظر آج رات پٹرول پمپس پر عوام کا ہجوم بھی دیکھا گیا ۔