آج اور کل شہر میں اوسط بارش کا امکان

حیدرآباد 4 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں گذشتہ چند دن سے موسم خشک ہے ۔ شہر میں گذشتہ تین دن سے کوئی بارش نہیں ہوئی ہے ۔ حالانکہ کچھ ایک موقعوں پر چند منٹ کی بوندا باندی ہوئی تھی لیکن موسم خشک ہی رہا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تو بارش بالکل بھی نہیں ہوئی ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ بارش نے اپنا راستہ بدل لیا ہے ۔ تاہم اب پیش قیاسی کی گئی ہے کہ حیدرآباد میں پھر ایک بار مانسون سرگر م ہوگا اور اچھی بارش ہوگی ۔ بارش کا سلسلہ کچھ دن برقرار رہ سکتا ہے ۔ اسکائی میٹ کے بموجب سب ہمالیائی مغربی بنگال سے ٹاملناڈو اور چھتیس گڑھ و تلنگانہ تک موسمی سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہو رہی یہ ۔ ایسے میں آئندہ دو تا تین دن کے دوران حیدرآباد میں بارش ہوسکتی ہے اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں 5 اور 6 ستمبر کو ایک سے زائد مرتبہ اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ اس بارش کے نتیجہ میں درجہ حرارت ایک بار پھر کم ہوجائیگا اور موسم خوشگوار بھی ہوسکتا ہے ۔ رات کے وقت موسم سرد ہوگا اور اقل ترین درجہ حرارت 24 تا 25 ڈگری کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔