یونیورسل اکاؤنٹ نمبر کی اجرائی ، کے کے جالن کمشنر سنٹرل پراویڈنٹ فنڈ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 18 اگست (سیاست نیوز) ایمپلائیز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کی جانب سے تمام آجرین کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے ملازمین کی تفصیلات اگر ای پی ایف کو روانہ نہیں کی گئی ہے تو فی الفور روانہ کردیں چونکہ ای پی ایف او کی جانب سے یونیورسل اکاؤنٹ نمبر کی اجرائی کے متعلق اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے اور 31 اگست تک 4 کروڑ مزید یونیورسل اکاؤنٹ نمبرس جاری کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ مسٹر کے کے جالن (آئی آر ایس) کمشنر سنٹرل پراویڈنٹ فنڈ نے آج حیدرآباد میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ای پی ایف او میں 32 ہزار کروڑ روپئے ایسے ہیں جس کے کوئی دعویدار نہیں ہیں جوکہ غیرکارکرد اکاؤنٹس میں جمع ہیں۔ مسٹر جالن نے بتایا کہ ملک بھر میں ای پی ایف میں جمع رقم اُن کھاتوں میں ہے جو غیرکارکرد ہیں۔ انہوں نے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ای پی ایف کی جانب سے اُن کھاتوں کو غیرکارکرد تصور کیا جاتا ہے جس میں تین سال کے دوران کوئی رقم جمع نہیں کروائی گئی ہو یا کھاتوں سے رقم منہا نہیں کی گئی ہو۔ مسٹر جالن نے بتایا کہ تاحال ای پی ایف او نے تقریباً 2 کروڑ 42 لاکھ یونیورسل اکاؤنٹ نمبرس جاری کردیئے ہیں اور بینک اکاؤنٹ، آدھار کارڈ کے علاوہ پیان کارڈ کی بنیاد پر ڈاٹا (مواد) تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 80% ای پی ایف کھاتے، بینک اکاؤنٹ کی بنیاد پر کھولے گئے ہیں جن کے یونیورسل اکاؤنٹ نمبر جاری کئے گئے ہیں، اسی طرح جن کھاتوں کے یونیورسل اکاؤنٹ نمبر جاری کئے گئے ہیں، ان میں 70% آدھار کارڈ کی اساس پر ہیں۔ پیان کارڈ کی بنیاد پر 20% کھاتہ داروں کو یونیورسل بینک اکاؤنٹ نمبر جاری کیا گیا ہے۔ مسٹر جالن نے بتایا کہ موجودہ کارکردگی اطمینان بخش نہیں کہی جاسکتی لیکن اس کے باوجود جس رفتار سے خدمات انجام دی جارہی ہیں، وہ کافی بہتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم ہند نریندر مودی کے منصوبہ کے مطابق ڈیجیٹل اِنڈیا کے نشانہ کو ای پی ایف کی جانب سے بہت جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمین اور آجرین کے درمیان ای پی ایف کے رشتہ کی برقراری کیلئے یونیورسل اکاؤنٹ نمبر جاری کیا جارہا ہے تاکہ ملازمین کی جانب سے دوسرے اداروں میں ملازمت اختیار کرنے پر ان کے ای پی ایف اکاؤنٹ تبدیل نہ ہوں بلکہ ان ہی اکاؤنٹ نمبرس پر اپنے پراویڈنٹ فنڈ کی رقومات جمع کرواسکیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسٹر ایم ایس کے وی وی ستیہ نارائنا ریجنل پی ایف کمشنر حیدرآباد ریجن کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔