آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی، نندی ایلیا کا بیان
حیدرآباد /25 جون (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ نندی ایلیا نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ضلع محبوب نگر کے 90 فیصد مکمل ہوئے تین آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ طورپر تعمیری تکمیل کا مطالبہ کیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین سوامی چرن اور نرسا گوڑ بھی موجود تھے۔ انھوں نے بتایا کہ کل چیف منسٹر سے ملاقات اور انھیں ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے تینوں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات میں خصوصی دلچسپی کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے ضلع محبوب نگر کی پسماندگی اور مزدوروں کے نقل مقام کا جائزہ لینے کے بعد سال 2005ء میں مہاتما گاندھی کلوا کرتی ریتی بونال پراجکٹ کی تعمیر کا آغاز کیا تھا

اور اس پراجکٹ کے لئے 9,990 کروڑ روپئے مختص کرتے ہوئے 2601.15 کروڑ روپئے جاری کئے تھے، جس سے 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ ساتھ ہی جواہرلال نہرو نیٹم پاڈو پراجکٹ کی تعمیر کا بھی اسی سال آغاز ہوا، جس پر 1862.57 کا تخمینہ تیار کیا گیا اور 1735.78 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے، جس سے 85 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو گئے۔ علاوہ ازیں راجیو بھیما پراجکٹ کا تخمینہ 1555.24 کروڑ کیا گیا اور 1436.97 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے، جس سے 90 فیصد کام مکمل ہو گیا اور اب صرف دس فیصد تعمیراتی کام باقی ہے۔ دریں اثناء چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وہ ماضی میں ضلع محبوب نگر کی نمائندگی کرچکے ہیں، وہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کے لئے سنجیدہ ہیں، لہذا بہت جلد ماباقی تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا۔