معاملہ کی تحقیقات کیلئے حکومت فرانس سے درخواست
نئی دہلی۔/25اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) بحریہ نے آج بتایا کہ اسکروپین آبدوزوں کی جنگی صلاحیتوں پر خفیہ دستاویزات کے افشاء کا معاملہ فرانس کے ڈائرکٹوریٹ جنرل آف آرمامینٹ سے رجوع کردیا گیا ہے اور حکومت فرانس سے کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کی بعجلت ممکنہ تحقیقات کرکے ہندوستان کو تفصیلات فراہم کی جائیں۔ قبل ازیں یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ آبدوزوں کے بارے میں خفیہ دستاویزات کا ہندوستان میں نہیں بلکہ کسی دوسرے ملک سے افشاء کیا گیا ہے۔ بحریہ نے آج ایک صحافتی بیان میں کہا کہ محکمہ میں یہ پتہ چلانے کیلئے داخلی جانچ شروع کردی گئی ہے کہ کہیں سیکوریٹی پر سمجھوتہ تو نہیں کیا گیا ہے۔بحریہ نے بتایا کہ خفیہ دستاویزات ،آسٹریلیا کے ایک خبر رساں ادارہ نے ویب سائٹ پر پوسٹ کیا ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ملک کی سلامتی کیلئے کوئی خطرہ نہیں ہے اور فی الفور یہ دستاویزات کو بلاک کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کے ایک اخبار نے 22,400 صفحات پر مشتمل دستاویزات میں سے صرف چند ایک تفصیلات کا افشاء کیا ہے اور اہم اطلاعات کو ہندوستان کے وسیع تر مفاد میں پوشیدہ رکھا ہے۔