حیدرآباد 7 مئی ( سیاست نیوز ) آئی پی ایل میں اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے میزبان سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم نے رائل چیلنجرس بنگلور کو 5 رنوں سے شکست دیدی ۔ حیدرآباد نے اس میچ میں بھی ایک بار پھر کم اسکور کا کامیاب دفاع کیا ہے ۔ حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورس میں 146 رنز ہی اسکور کئے تھے ۔ کپتان کین ولیمسن نے 56 رن بنائے تھے جبکہ شکیب الحسن نے 36 رن اسکور کئے ۔ حیدرآباد کے دوسرے بلے باز خاص اسکور نہیں کر پائے ۔ بنگلور کیلئے حیدرآبادی اسٹار محمد سراج اور ٹم ساؤتھی نے تین تین وکٹس لئے تھے ۔ جواب میں حیدرآباد نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور بنگلور کے بلے بازوں کو آزادی سے اسکور کرنے کا موقع نہیں دیا ۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے 39 اور گرانڈ ہام نے 33 رن بنائے ۔ پارتھیو پٹیل نے 20 رنز اسکور کئے ۔ دوسرے بلے باز تقریبا ناکام رہے ۔ حیدرآباد کیلئے شکیب الحسن نے دو وکٹس حاصل کئے ۔