آئی پی ایس عہدیدار شاہنواز قاسم ڈائرکٹر اقلیتی بہبود مقرر

حیدرآباد ۔ 22 ۔مارچ (سیاست نیوز) حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایک آئی پی ایس عہدیدار کو ڈائرکٹر اقلیتی بہبود مقرر کیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر پولیس سائبر آباد شاہنواز قاسم کا تبادلہ کرتے ہوئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود مقرر کیا گیا ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود این دانا کشور اس عہدہ کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے۔ آئی ایف ایس عہدیدار جلال الدین اکبر کے تبادلہ کے بعد سے اس عہدہ پر کوئی مستقل تقرر نہیں کیا گیا تھا اور سکریٹری اقلیتی بہبود اس عہدہ کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے کئی اسکیمات پر عمل آوری میں سست رفتاری کی شکایت کے بعد چیف منسٹر نے آئی پی ایس عہدیدار کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس عہدہ کیلئے آندھراپردیش کیڈر سے تعلق رکھنے والے ایک اور آئی پی ایس عہدیدار احسن رضا کے نام پر غور کیا گیا تھا ۔ تاہم مرکزی حکومت نے انہیں تلنگانہ کیڈر منتقل کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد شاہنواز قاسم کے نام پر غور کیا گیا ۔