آئی ٹی کا دارالحکومت اب بنگلورو

بنگلور۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سامراجی دور کا نام ترک کرتے ہوئے بنگلور آج ’بنگلورو‘ بن گیا جو ریاستی یوم تاسیس ’’کرناٹکا راجیوتسوا‘‘ کے ساتھ مماثلت میں اختیار کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ کرناٹک کے گیارہ دیگر شہروں کو بھی ریاستی حکومت نے نیا نام دیا ہے، اور سابقہ سامراجی رنگ والے ناموں کو بدل دیا ہے۔ نئے نام اب نافذالعمل ہوچکے ہیں جبکہ ریاستی حکومت نے اس ضمن میں ایک خصوصی گزٹ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے انہیں مختلف نوعیت کے مقامی رنگ میں ڈھالا ہے۔ اب بنگلور کو بنگلورو کہا جائے گا، منگلور (منگلورو)، میسور (میسورو)، بیلاری (بَلاری)، بیلگام (بیلاگوی)، ہبلی (ہبالی)، ٹمکور (ٹمکورو)، بیجاپور (وجئے پورہ)، چکمگلور (چکمگلورو)، گلبرگہ (گلبرگی)، ہاسپیٹ (ہساپیٹے) اور شیموگہ (شیواموگہ)کے نام تبدیل ہوئے ہیں۔ نویں صدی میں بنگلور کو بنگلور ۔ اورو (باغات کا شہر) کہا جاتا تھا۔ بارہویں صدی میں ایک اور مورخ کے مطابق اس کا نام بیندا۔ کالو ۔ اورو(ابلے ہوئے پھلیوں کا ٹاؤن) بن گیا ۔ اس طرح بتدریج تبدیلیوں کے بعد اب ریاستی دارالحکومت کا نیا نام بنگلورو ہوچکا ہے۔