حیدرآباد۔/25جون، ( سیاست نیوز) شہر میں تیزی سے بڑھ رہی آلودگی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کا آغاز کیا جانا ناگزیر ہے۔ عالمی سطح پر اگر آلودگی کا جائزہ لیا جائے تو بیشتر ترقی یافتہ ملکوں و شہروں میں ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جن سے فضائی و صوتی آلودگی پر کنٹرول کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ اسی طرح شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ سائبرآباد، مادھا پور، آئی ٹی کاریڈور میں شی شیٹل سرویس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے کہ ان علاقوں کو ہر جمعرات کو فری کار زون میں تبدیل کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ 29جون سے شی شیٹل سرویس کا آغاز عمل میں لایا جائے گا جو آئی ٹی کاریڈور مادھا پور میں خدمات انجام دینے والی خاتون ملازمین کو اہم سڑکوں تک پہنچانے کیلئے 2منی بسیں چلائی جائیں گی جو کہ صبح8تا11بجے خدمات انجام دیں گے۔ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن اور سوسائٹی فارسائبر آبادسیکورٹی کونسل نے 40لاکھ روپئے کی منظوری کے ذریعہ خواتین کیلئے مخصوص ان خدمات کا آغاز کیا ہے جس سے نہ صرف خواتین کی حفاظت یقینی ہوگی بلکہ آلودگی پر بھی کنٹرول کرنے کے اقدامات ممکن ہوں گے۔ سوسائٹی فار سائبرآباد سیکوریٹی کونسل اور سائبر آباد پولیس کی جانب سے اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ فضائی آلودگی اور صوتی آلودگی میں کمی کے اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے علاقہ میں کاروں سے پاک جمعرات کا آغاز کیا جائے تاکہ کم از کم ہفتہ میں ایک مرتبہ آلودگی بالخصوص فضائی آلودگی و صوتی آلودگی اور ٹریفک سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکے۔ ذرائع کے بموجب آئی ٹی شعبہ سے وابستہ نوجوانوں نے یہ تجویز اپنے طور پر پیش کی ہے اور اس بات کا تیقن بھی دیا ہے کہ وہ اس عمل میں پولیس سے معاونت کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی میں تخفیف کا حصہ بننے کیلئے رضاکارانہ طور پر تیار ہیں۔ خواتین کیلئے مخصوص شی شیٹل سرویس کا آغاز 29جون سے ہونے جارہا ہے اس سلسلہ میں دو منی بسیں جوکہ آئی ٹی کاریڈور میں خدمات انجام دے رہی خواتین کو شہر کی اہم سڑکوں تک مفت پہنچانے کا آغاز کریں گی اور ان بسوں کی خدمات صبح 8تا 11بجے شب جاری رہیں گی۔
قطب شاہی مسجد خیریت آباد میں مصلیان کرام صلواۃ تراویح کا اہتمام کرتے ہوئے ۔۔