آئی ٹی آئی کامیاب طلبہ کو دسویں ، بارہویں ، بارہویں کے مماثل اسناد ملیں گے

نئی دہلی۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت آئی ٹی آئیز کیلئے علیحدہ بورڈ تشکیل دینے کی تجویز رکھتی ہے جس سے انہیں امتحانات منعقد کرنے اور ان کے مماثل اسناد دینے میں مدد ملے گی جو سی بی ایس سی جسے بورڈز کے جماعت X اور XII امتحانات کامیاب کرنے والے اسٹوڈنٹس کو دیئے جاتے ہیں۔ اس تجویز کو وزارت فروغ انسانی وسائل منظور کرچکی ہے اور اس سے زائد از 2 ملین اسٹوڈنٹس کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے جو ہر سال زائد از 13,000 انڈسٹریل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس (ITI’s) سے کامیاب ہوتے ہیں۔ اس اقدام سے آئی ٹی آئیز کے کورسیس کرنے والے طلبہ کو دیگر اسکولوں اور کالجوں کے ریگولر کورسیس میں داخلہ لینے میں بھی مدد ملے گی۔ مرکزی وزیر فروغ ہنرمندی اور انٹری پرینرشپ راجیو پرتاپ روڈی نے لوک سبھا کو وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ مجوزہ آئی ٹی آئی بورڈ سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کے خطوط پر ہوگا۔
آدھار کے فوائد کو کمتر نہ جانیں،فینانس سکریٹری لواسا کا بیان
نئی دہلی ۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انقلابی بائیومیٹرک شناختی پروگرام ’آدھار‘ کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئے کیونکہ اس نے سرکاری مصارف میں مؤثریت لائی اور کرپشن کو ختم کیا ہے، فینانس سکریٹری اشوک لواسا نے آج یہ بات کہی۔ آدھار جو تقریباً 99 فیصد بالغ ہندوستانی مکینوں کو عطا کردہ منفرد 12 ہندسی عدد ہے، لگ بھگ 84 سرکاری خدمات کو مربوط کرتا ہے اور پنشن دینے اور رقم کی منتقلی کیلئے تصدیقی ذریعہ کے طور پر کام کرتا ہے۔ ایک اسوچم ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے لواسا نے کہا کہ آدھار مختلف النوع سرویسیس کیلئے واحد شناختی ثبوت بن سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آدھار انقلابی چیز ہے۔ اس نے جو کچھ کیا ہے وہ دنیا میں کہیں نہیں ہوا ہے۔