آئی سیٹ 2016 اعلامیہ کی کل اجرائی متوقع

اعلیٰ تعلیمی کمیٹی کا اجلاس، ادخال فارم ، انٹرنس اور داخلہ کی تواریخ و قطعیت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : محکمہ اعلیٰ تعلیم کے چیرمین پاپی ریڈی کی نگرانی میں ایم بی اے و ایم سی اے کے کالجس میں داخلہ کے لیے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں کمیٹی چیرمین کاکتیہ یونیورسٹی انچارج ، وائس چانسلر چرنجیوی تعلیمی شعبہ کے وائس چیرمین پروفیسر ملیشم اور کنوینر پروفیسر اوم پرکاش نے شرکت کی ۔ اس خصوصی اجلاس میں یہ طئے پایا کہ 28 فروری کو ایم بی اے و ایم سی اے میں داخلہ کے لیے ’ آئی سیٹ ‘ امتحان کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جارہا ہے ۔ یکم مارچ سے آن لائن رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے ۔ نیز 5 تا 16 اپریل آن لائن درخواست اپ لوڈ کیے جاسکتے ہیں ۔ آن لائن رجسٹریشن فیس 250 روپئے سے بڑھاکر 350 روپئے کردی گئی ہے ۔ ایس سی و ایس ٹی کے لیے 250 روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ کنوینر اوم پرکاش نے کہا کہ ایم بی اے اور ایم سی اے کے ’ آئی سیٹ ‘ کے نصاب میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں کُل 15 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ امسال منچریال میں بھی نئے مرکز کی منظوری دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2015-16 میں 70,499 امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں اور آئی سیٹ کے امتحان میں صرف 68,000 امیدواروں نے شرکت کی ۔ اس سال 50 ہزار طلباء کو ایم بی اے اور ایم سی اے میں داخلہ دیا جائے گا ۔ 29 اپریل کو امیدواروں کو ہال ٹکٹس جاری کئے جائیں گے ۔ 19 مئی کو آئی سیٹ کا امتحان منعقد کیا جائے گا ۔ 21 مئی کو key جاری کی جائے گی اور 31 مئی کو نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا ۔۔