آئی ایس کی برطانیہ کو دھمکی ڈیویڈ کیمرون پر طنز،5 جاسوسوں کی ہلاکت کا نیا ویڈیو جاری

بیروت ۔ /3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) گروپ نے تازہ انٹرنیٹ ویڈیو جاری کیا جس میں پانچ جاسوسوں کو ہلاک کرتے دکھایا گیا ہے جو عراق اور شام میں آئی ایس کے خلاف اتحادی فوج کیلئے کام کررہے تھے ۔ اس کے علاوہ برطانیہ کو دھمکی دی گئی ہے ۔ انٹلیجنس گروپ کے مطابق اس ویڈیو میں رقہ سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو ہلاک کرتے ہوئے دکھایا گیا ۔ یہ شہر آئی ایس کا دارالحکومت ہے جہاں انہوں نے خلافت کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔ آئی ایس جنگجو انگریزی میں بات کررہے تھے اور انہیں وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون کا مذاق اڑاتے ہوئے دکھایا گیا جنہوں نے آئی ایس کو چیالنج کیا تھا ۔ اس ویڈیو میں ڈیویڈ کیمرون کو ناسمجھ کہا گیا ہے ۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ان پانچ افراد نے رقہ کے حالات کے بارے میں ویڈیوز اور فوٹوز ترکی میں عوام کو روانہ کئے تھے ۔ چنانچہ ان جنگجوؤں نے پانچ افراد کو گولی ماردی ۔ ویڈیو میں کہا گیا کہ یہ ڈیویڈ کیمرون کیلئے ایک پیام ہے ۔ یہ ہمارے لئے انتہائی حیرت کی بات ہے کہ ایک غیر اہم لیڈر ہمیں چیالنج کررہا ہے ۔ برطانیہ کے جنگی طیارے پہلے ہی عراق میں آئی ایس کے ٹھکانوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں اور ڈسمبر سے شام میں بھی بمباری کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ ان جنگجوؤں نے کہا کہ کوئی ناسمجھ ہی ایسی سرزمین کے خلاف جنگ کی جرأت کرسکتا ہے جہاں اسلامی قانون نافذ ہے اور جہاں کے لوگ شریعت کے مطابق زندگی گزاررہے ہیں ۔ اس ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنا جہاد جاری رکھیں گے ۔