پٹھان کوٹ ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی انٹرسرویسیس انٹلیجنس (آئی ایس آئی) ہندوستان میں کئی دہشت گرد حملوں کی تائید کیلئے بدنام ہے اور آج اسی آئی ایس آئی سے وابستہ عہدیدار ہندوستانی سرزمین پر موجود تھے ۔ ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے عوام کی کثیر تعداد پٹھان کوٹ پر جمع ہوگئی تھی ۔ پنجاب کے سرحدی ٹاون میں جب پاکستان کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پہونچی تو ’’آئی ایس آئی کا بندہ‘‘ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگ کثیر تعداد میں یہاں جمع ہوگئے تھے ۔ ایک شخص نے بتایا کہ اب تک ہم آئی ایس آئی کے ایجنٹس کو ہندوستان میں گرفتار کرنے کی اطلاعات سنتے تھے لیکن جب ہمیں میڈیا کے ذریعہ یہ اطلاع ملی کہ آئی ایس آئی کے بعض عہدیدار یہاں آئے ہوئے ہیں تو ہم انہیں دیکھنے کے خواہشمند تھے ۔
این آئی اے کا مسعود اظہر تک رسائی کیلئے اجازت کا فیصلہ
نئی دہلی ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ فضائی اڈے کا دورہ کرنے کی اجازت دینے کے بعد این آئی اے نے جو اس مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے پاکستان میں موجود جیش محمد سربراہ مولانا مسعود اظہر اور ان کے برادر نسبتی عبدالرؤف تک رسائی کی اجازت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ دونوں مبینہ طور پر اس حملے کے ماسٹر مائینڈ ہیں ۔ این آئی اے کے ڈائرکٹر جنرل شرت کمار نے بتایا کہ ہم موزوں وقت پر ان دونوں تک رسائی کی خواہش کریں گے ۔