جھاگرام 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے ضلع جھا ر گرام میں قومی شاہراہ نمبر 6 پر ایک بس آئیل ٹینکر کے درمیان تصادم ہوگیا جس میں 3 افراد ہلاک اور دیگر 39 زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس تصادم میں آئیل ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ بس مسافرین ہاسپٹل کی منتقلی کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ یہ حادثہ جھار گرام سے 22 کیلو میٹر دور ببلی بھاشا کے مقام پر اس وقت پیش آیا ۔ جب رانچی سے کولکتہ کی سمت جانے والی بس مخالف سمت سے آنے والی آئیل ٹینکر سے صبح 5.30 بجے ٹکرا گئی تصادم کی شدت سے بس اور آئیل ٹینکر شعلہ پوش ہوگئے ۔ یہ بس تصادم کے بعد اُلٹ گئی تھی تمام مسافرین ایمرجنسی ڈور سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔ تمام زخمیوں کو جھارگرام ڈسٹرکٹ ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا لیکن ان کی نازک حالت کے پیش نظر مڈنا لیمور میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل بھیج دیا گیا ۔ 36 زخمیوں میں سے 10 کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد روانہ کردیا گیا ۔