آئندہ 48 گھنٹوں میں تلنگانہ ‘ آندھرا میں بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد 19 جولائی ( سیاست نیوز ) جنوب مغربی مانسون ساحلی آندھرا ‘ رائلسیما کے کچھ علاقوں اور تقریبا سارے تلنگانہ تک پھیل گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب جنوب مغربی مانسون کے آئندہ 48 گھنٹوں میں تلنگانہ کے مابقی حصوں تک پھیل جانے کیلئے حالات سازگار ہیں۔ بنگلہ دیش اور پڑوسی ممالک کے ساحلی مقامات اور جنوب مغرب کی سمت مزید پیشرفت کر رہا ہے ۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ ‘ ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما میں کچھ مقامات پر اوسط یا بھاری بارش ہوسکتی ہے ۔ آئندہ چار دن کی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ موسم کے حالات میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوگی ۔ حیدرآباد اور اطراف میں آئندہ دو دن کے دوران مطلع عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔ شہر کے کچھ حصوں میں ایک یا دو موقعوں پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری اور کم سے کم 26 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔