آئندہ ہفتے برکس چوٹی کانفرنس میں نریندر مودی کی شرکت

نئی دہلی 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ہفتے برازیل میں پانچ قومی تنظیم برکس کی دو روزہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کرینگے ۔ امکان ہے کہ اس چوٹی کانفرنس کے موقع پانچ ممالک کے ایک ترقیاتی بینک کے قیام کو حتمی شکل دی جائیگی اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اصلاحات پر زور دیا جائیگا ۔ اس کانفرنس میں شرکت نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ایک ہمہ جہتی کانفرنس میں پہلی شرکت ہوگی اور اس موقع پر انہیں عالمی قائدین سے ملاقات کرنے کا موقع ملے گا ۔ اس کانفرنس میں چین کے صدر ژی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹین کے علاوہ جنوبی امریکہ کے قائدین بھی شرکت کرنے والے ہیں۔ چوٹی کانفرنس کے میزبان اور برازیل کے صدر ڈلما روسیف نے جنوبی امریکی ممالک کے قائدین بشمول ارجنٹینا ‘ بولیویا ‘ ایکویڈور ‘ پیراگوئے ‘ یورو گوئے ‘ ونیزویلا اور سوری نام کے قائدین کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ اس سے قبل افریقہ میں منعقدہ کانفرنس میں جنوبی افریقہ نے کچھ افریقی ممالک کے قائدین کو مدعو کیا تھا ۔

برازیل ‘ روس ‘ ہندوستان ‘ چین اور جنوبی افریقہ کی چھٹی چوٹی کانفرنس کے تعلق سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے وزارت خارجہ میں سکریٹری ( معاشی تعلقات ) سجاتا مہتا نے کہا کہ ان ممالک کے ایک ترقیاتی بینک کے قیام کے تعلق سے تمام امور ابھی زیر غور ہیں اور ہوسکتا ہے کہ برازیل کی چوٹی کانفرنس میں اس تعلق سے کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے ۔ اس موقع پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی 15 مئی کو جاری کیا جائیگا ۔ 16 مئی کو برکس قائدین کا بریسیلیا میں اجلاس ہونے والا ہے اور اس میں جنوبی امریکی ممالک کے قائدین بھی شرکت کرینگے ۔ ڈربن میں گذشتہ سال منعقدہ چوٹی کانفرنس میں ایک ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز پیش کی گئی تھی تاہم اس پر ابھی مذاکرات جاری ہیں اور حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ برازیل چوٹی کانفرنس میں اس تعلق سے فیصلہ ہوجائیگا ۔