آئندہ چند ماہ میں مہنگائی پر قابو پرنے پر توجہ : ریزرو بینک

ممبئی 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) افراط ز ر کی شرح میں گذشتہ پانچ ماہ کا سب سے زیادہ اضافہ ہونے کے بعد ریزرو بینک نے آج کہا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران اس کی توجہ قیمتوں میں کسی طرح کا اضافہ روکنے پر ہوگی ۔ علاوہ ازیں بینک کی جانب سے عراق کی صورتحال پر بھی نظر رکھی جارہی ہے کیونکہ وہاں جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں پہلے ہی اضافہ شروع ہوگیا ہے ۔

گورنر ریزرو بینک رگھو رام راجن نے کہا کہ ہندوستان کے پاس بیرونی زر مبادلہ کے وافر ذخائر موجود ہیں اور وہ بیرونی محاذ پر ہونے والی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح اہل ہے ۔ مسٹر راجن نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند ماہ کی طرح آئندہ چند ماہ کے دوران بھی انہیں امید ہے کہ ریزرو بینک کو افراط زر کی شرح سے نمٹنے اور قیمتوں میں کسی طرح کے اضافہ کو روکنے پر توجہ دینی ہوگی ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے بہتر فوڈ مینجمنٹ کے نتیجہ میں غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریزرو بینک کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی گئی ہے

اور دونوں ہی کو چوکسی برتنے کی ضرورت ہے ۔ ماہ مئی کے دوران افراط زر کی شرح گذشتہ پانچ ماہ کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہوگئی تھی اور یہ 6.01 تک پہونچ گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ غذائی اجناس اور فیول کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ عراق میں جاری لڑائی کے تعلق سے گورنر آر بی آئی نے کہا کہ ہندوستان اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ۔ اس کے جو بھی اثرات ہونگے ہندوستان اس سے نمٹ سکتا ہے ۔ عراق میں لڑائی کے نتیجہ میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی اثرات سے نمٹنے میں ہم گذشتہ سال کی بہ نسبت اس سال بہتر موقف میں ہیں۔