پارٹی صدر کا انتخاب عمل میں آئے گا، وزراء اور ارکان اسمبلی و کونسل کے اجلاس سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد۔/25مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کی یوم تاسیس تقاریب کے سلسلہ میں پلینری سیشن 21اپریل کو میڑچل ضلع کے کوم پلی میں واقع کنونشن سنٹر میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر نے پارٹی کے یوم تاسیس تقاریب کے سلسلہ میں آج وزراء، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ پارٹی پلینری سیشن میں صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ پرگتی بھون میں منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر نے وزراء اور عوامی نمائندوں کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ 27 اپریل کو ورنگل میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے متحرک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی اور کونسل جلسہ عام کے سلسلہ میں مزدوری کرتے ہوئے فنڈز اکٹھا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی و ترقیاتی اسکیمات عوام تک پہنچانا قائدین اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے۔ حکومت نے گذشتہ تین برسوں میں کئی ایک انتخابی وعدوں کی نہ صرف تکمیل کی بلکہ بعض نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے اور دیگر ریاستیں اسکیمات کی تفصیلات حاصل کررہی ہیں تاکہ ان کے پاس شروع کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پلینری سیشن میں ہر اسمبلی حلقہ سے پارٹی قائدین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ تر عوام کے درمیان رہیں تاکہ حکومت کی اسکیمات سے عوام کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی کی کارکردگی سے متعلق سروے کا حوالہ دیا اور کہا کہ بہتر کارکردگی کے ذریعہ اپنے رینک میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو پابند کیا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کو اپنی اولین ترجیح سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل کے جلسہ عام میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے 5 اپریل سے قبل پارٹی کی رکنیت سازی کی مہم مکمل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ 15 اپریل سے قبل ضلع اور منڈل کی پارٹی کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ پارٹی کی رکنیت سازی مہم پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ چیف منسٹر نے حکومت کی کارکردگی کو عوامی تائید کے حصول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سروے میں تلنگانہ پارٹی کا موقف کافی مستحکم ہے اور فوری طور پر انتخابات کی صورت میں بھی 100سے زائد نشستوں پر ٹی آر ایس کامیابی حاصل کرے گی۔ اجلاس میں وزراء نے پلینری اور جلسہ عام کے سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کی۔