آئندہ مالیاتی سال میں اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافے کا منصوبہ

چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما کا مختلف عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ یکم  فروری  (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت آئندہ مالیاتی سال اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے آج مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اجلاس میں اس بات کا اشارہ دیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ فلاحی اسکیمات کے لئے بجٹ میں اضافہ کی تجویز رکھتے ہیں تاکہ غریبوں کیلئے شروع کی گئی فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی جاسکے۔ اقلیتی بہبود کے علاوہ درج فہرست اقوام و قبائل و دیگر فلاحی اداروں سے متعلق عہدیداروں کے ساتھ جائزہ ا جلاس میں چیف سکریٹری نے تمام محکمہ جات سے آئندہ مالیاتی سال کے لئے بجٹ تجاویز طلب کی ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بجٹ 2016-17 ء میں اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کا امکان ہے۔ جاریہ سال بجٹ 1130 کروڑ تھا اور بعض نئی اسکیمات کے آغاز کے سبب اس میں اضافہ کا امکان ہے۔ آئندہ تعلیمی سال سے تلنگانہ میں 60 اقامتی مدارس کے قیام کی تجویز ہے جس کے لئے بجٹ اور ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی جائیدادوں پر تقررات کو حکومت نے منظوری دیدی ہے۔ چیف منسٹر آئندہ تعلیمی سال سے کسی بھی حالت میں اقامتی اسکولس کے آغاز کے حق میں ہیں تاکہ اقلیتی طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیم کا انتظام کیا جاسکے۔ اسکولس کا آ غاز پہلے سال کرایہ کی عمارتوں میں ہوگا اور بعد میں مستقل عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ ہر اسکول کی تعمیر پر 20 کروڑ روپئے کا تخمینہ ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ سال بجٹ میں 300 کرو ڑ روپئے اسکولس کیلئے منظور کئے جائیں گے۔ ان اسکولوں میں پہلے سال پانچویں تا ساتویں جماعت کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا اور ہر سال کلاسس کی تعداد میں اضافہ ہوگا ۔ ہر اسکول میں 120 طلبہ کی گنجائش رکھی گئی ہے اور بہتر انتظام کیلئے علحدہ سوسائٹی قائم کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ سال بجٹ میں اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے بجٹ کو 25 کروڑ سے بڑھاکر 50 کر وڑ کرنے ، شادی مبارک کیلئے 150 کروڑ اور بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی اسکیم کیلئے 100  کروڑ روپئے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔ تمام ضلع کلکٹرس کو ہد ایت دی گئی ہے کہ اقامتی اسکولس کیلئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں۔ چیف سکریٹری تمام محکمہ جات سے بجٹ تجاویز کے حصول کے بعد بجٹ کا مسودہ چیف منسٹر کو پیش کریں گے جہاں بجٹ کو منظوری دی جائے گی ۔ توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے آخری ہفتہ میں اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آغاز ہوگا۔