آئندہ سال ڈسمبر سے گھر گھر انٹر نیٹ۔کے ٹی آر کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/6ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر آئندہ سال ڈسمبر تک گھر گھر کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ٹی ھب سیکنڈ امیج ٹاور اور ٹی ورکس پراجکٹس کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ کے ٹی آر نے آج بیگم پیٹ کیمپ آفس میں محکمہ صنعت اور محکمہ آئی ٹی کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے دونوں محکمہ جات کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتا پراجکٹ کے کام مقررہ وقت سے قبل مکمل ہورہے ہیں جس کے پیش نظر گھر گھر انٹرنیٹ فراہم کرنے کے پروگرام میں تیزی پیدا کرنے پر زور دیا۔ اس پروگرام کیلئے درکار فنڈز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ عہدیداروں نے کے ٹی آر کو مرکزی حکومت کے بھارت نیٹ کے تحت حاصل ہونے والی مالی امداد کے علاوہ ریاستی حکومت کے مالی تعاون سے واقف کرایا۔ اس موقع پر وجئے بینک کے ڈپٹی جنرل منیجر ستیہ نارائنا راجو نے تلنگانہ فائبر گرڈ کارپوریشن کو وجئے بینک کی جانب سے دیئے جانے والے 561 کروڑ روپئے کے قرض سے متعلق دستاویزات ریاستی وزیر آئی ٹی کے حوالے کئے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آئندہ سال تک گھر گھر کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے سے دیہی علاقوں کے طبی و تعلیمی شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ان تبدیلیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے مہیشورم منڈل کے چار مواضعات میں انجام دیئے جانے والے ٹیکنالوجی ڈیماسٹریشن(demonstration) نیٹ ورک کے کام جنوری تک مکمل ہوجائیں گے۔ اس پراجکٹ میں 10 مشہور کمپنیاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے حیدرآباد فارما سٹی کیلئے حصول اراضیات ، منظوریوں کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے عنقریب مرکزی محکمہ ماحولیات سے منظوریاں حاصل ہونے سے واقف کرایا۔ ٹی ایس آئی آئی سی کے دوسرے پراجکٹ پارکس کی تعمیرات، ٹی ھب II، امیج ٹاور، ٹی ورکس پراجکٹس کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ ٹی ورکس کے بھون کاڈیزائن تیار کرنے اور آئندہ سال تک اس کی تعمیرات کو مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس اجلاس میں محکمہ صنعت کے پرنسپل سکریٹری جیش رنجن کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔