آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی دوبارہ کامیابی یقینی

گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی کا دعویٰ، اپوزیشن کے الزامات مسترد
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں ٹی آر ایس 100 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کرے گی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کانگریس قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوامی تائید کے بغیر کانگریس قائدین اقتدار کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی سیاسی صورتحال کے بارے میں کئے گئے تمام سروے ٹی آر ایس پارٹی کے حق میں آئے ہیں۔ نلگنڈہ ضلع میں ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور کانگریس کو ایک بھی نشست کا حاصل ہونا مشکل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین اپنے آپ کو چیف منسٹر کے عہدہ کا دعویدار پیش کرتے ہیں اور آئندہ چیف منسٹر ضلع نلگنڈہ سے ہونے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین اقتدار کی لالچ میں چیف منسٹر اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور مرکزی حکومت کے علاوہ دیگر پارٹیوں نے جو سروے کرایا ہے ، اس میں بھی نتیجہ ٹی آر ایس کے حق میں آیا ۔ سروے کے نتائج سے کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور آخری ہتھیار کے طورپر الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔ راجیشور ریڈی نے نلگنڈہ کے جلسہ عام میں کانگریس قائدین کی جانب سے استعمال کی گئی زبان پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ قائدین نے اپنی تہذیب کو اجاگر کردیا ہے۔ کانگریس ایک منتشر گھر ہے جس کا ثبوت سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کا اجلاس ہے جس میں کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اقتدار کی خواہش رکھنے والے کانگریس قائدین دراصل تلنگانہ تحریک کے دوران آندھرائی قیادت کے ساتھ تھے ۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک میں حصہ نہیں لیا ۔ نلگنڈہ کے قائدین جس وقت اقتدار میں تھے ، انہوں نے اپنے مفادات کی تکمیل کو ترجیح دی اور عوامی مسائل کو نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں تمام ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی جو عوامی رجحان کا پتہ دیتی ہے۔