Education & Career ایجوکیشن / کیریئر

ایم اے حمید

IIT اور NIT کیا ہیں
سوال : IIT اور NIT کیا ہیں ان میں داخلے کا طریقہ کار کیا ہیں ۔ تعلیمی قابلیت ، اہلیت کے ساتھ معلومات شائع کریں تو مہربانی ہوگی ؟
محمد غوث ، سیتاپھل منڈی
جواب : IIT انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اور NIT نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حکومت ہند کے قومی سطح کے انجینئرنگ / ٹکنالوجی کے ادارے ہیں جو ڈیمڈ یونیورسٹی کا درجہ رکھتے ہیں ۔ ان میں داخلے کل ہند سطح کے انٹرنس امتحان JEE جوائنٹ انٹرنس اگزامیشن کے ذریعہ ہوتے ہیں ۔ اس میں شرکت کیلئے اہلیت اور تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ (10+2) معہ اختیاری مضامین MPC میاتھس ، فزکس ، کیمسٹری ہیں ۔ امیدوار اس انٹرنس میں شرکت کے بعد رینک لاکر دوسرے مرحلہ کے امتحان JEE (Adv) اڈوانس کیلئے اہل ہوتا ہے پھر ملک بھر کے کسی بھی IIT یاNIT میں داخلے اس کے رینک اور محصلہ نشانات پر ہوتا ہے۔
پوسٹ گریجویشن ریگولر اور فاصلاتی کورسز میں فرق
سوال : ڈگری کے بعد پوسٹ گریجویشن کورسز ایم اے ، ایم کام ، ایم ایس سی وغیرہ میں داخلے ریگولر اور فاصلاتی Distance Mode میں کس طرح ہوتے ہیں ۔ انٹرنس امتحان کیا ضروری ہے ۔ اس بارے میں مزید معلومات فراہم کریں تو نوازش ہوگی ؟

عائشہ صدیقہ ، لنگر حوض
جواب : پی جی پوسٹ گریجویشن کورسز ایم اے ، یم کام ، ایم ایس سی ، ایم ایڈ ، یم سی جے ریگولر ( باقاعدہ ) کیلئے انٹرنس امتحان ہوتا ہے جو OUCET عثمانیہ یونیورسٹی کا ہے اب تاریخ چل رہی ہے جبکہ پوسٹ گریجویشن فاصلاتی Distance موڈ میں کرنے کیلئے انٹرنس امتحان کی ضرورت نہیں ہے بغیر انٹرنس ٹسٹ کے ڈگری کے مضامین کے مطابق پی جی فاصلاتی میں کرسکتے ہیں عثمانیہ یونیورسٹی میں اس کا علحدہ مرکز ہے ۔

انٹرمیڈیٹ بی پی سی بغیر ایمسٹ کے کن کورسز میں داخلے ہوتے ہیں
سوال : انٹرمیڈیٹ BPC گروپ کے طلبہ کو ایمسٹ کے ذریعہ جن پروفیشنل کورسز میں داخلہ ہوتا ہے وہ معلوم ہے لیکن بعض ایسے کورسز ہیں جن میں داخلہ بغیر انٹرنس ( ایمسٹ ) کے ہوتے ہیں وہ کونسے کورسز ہیں اس کی معلومات شائع کریں ؟
ارشاد احمد ۔ مہدی پٹنم
جواب : بغیر ایمسٹ کے انٹرمیڈیٹ BPC گروپ کے طلبہ کیلئے جن پروفیشنل کورسز میں داخلے ہوتے ہیں ان میں B.SC نرسنگ ، MLT میڈیکل لیاب ٹکنالوجی ، BPT فزیوتھراپی اور جنرل ڈگری کورسس میں بی ایس سی کے مختلف گروپس ہیں ۔ ان میں انٹرمیڈیٹ کے محصلہ نشانات پر میرٹ کی اساس پر داخلے ہوتے ہیں یو جی سطح کے ان کورسز کیلئے علحدہ اعلامیہ آتا ہے اور شیڈول کے مطابق دی گئی تواریخ کو فارم داخل کرنا ہوتا ہے ۔
سرکاری ملازمتوں کیلئے تلنگانہ پبلک سروس کمیشن میں رجسٹریشن
سوال : تلنگانہ ریاست بننے کے بعد سرکاری ملازمتوں کیلئے علحدہ پبلک سروس کمیشن بنایا گیا اس میں رجسٹریشن کرنے کی اطلاع ملی ۔ اس ضمن میں مزید معلومات دیں اور یہ بتائیں کہ تعلیمی قابلیت کیا ہونی چاہئے اور گروپ I ، II ، IV کیلئے امتحانات کب ہونگے ؟

کئی امیدوار ۔ اضلاع ، حیدرآباد
جواب :تلنگانہ ریاست بننے کے بعد اس ریاست کیلئے علحدہ ریاستی پبلک سرویس کمیشن بنایا گیا جو TSPSC تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن جوریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے مسابقتی امتحانات منعقد کرے گا ۔ مختلف محکمہ جات کی تقرر طلب جائیدادوں کی تعداد کی نشاندہی کی گئی ۔ تاہم اعلامیہ نہیں شائع ہوا ہے ، اس دوران TSPSCنے اپنے ویب سائیٹ پر تلنگانہ ریاست کے مقامی باشندوں کی تفصیلات اکھٹا کرنے کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کیا اور One time Registration System کے تحت دسویں / انٹر / ڈگری / پی جی حتی کہ Ph.D تک جنرل یا ووکیشنل امیدوار اپنی مکمل معلومات تعلیمی قابلیت آدھارکارڈ کے نمبر کے ساتھ آن لائن رجسٹریشن کے وقت فراہم کریں اور رجسٹریشن کروائیں ۔ اس ضمن میں پیر 4 مئی کو اس کالم میں تفصیلی مضمون شائع ہوا اس کا ویب سائیٹ http://tspsc.gov.in ہے ۔ تلنگانہ ریاستی حکومت نے ایک لاکھ 7 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کی ۔ اور کئی محکمہ جات اپنے مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کریں ۔ الکٹرسٹی محکمہ میں ٹرانسکو اور Genco میں دو ہزار 4 سو انجینئرس کی جائیدادوں پر بھی تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ جاری ہوگا ۔ ٹیچرس کیلئے DSC اور TET ملا کر رکھا جائے گا ۔ پولیس محکمہ کانسٹبلس اور سب انسپکٹرس کیلئے بھی تقررات ہونگے اور TSPSC کے تحت گروپ I ، گروپ IIاور گروپIV کے مسابقتی امتحانات رکھے جائینگے ۔